دیامر ہیڈکوارٹر چلاس میں انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ گلگت بلتستان کے ڈویژنل سب آفس کا باقاعدہ افتتاح کردیا گیا
رپورٹ، 5 سی این نیوز
ایڈورٹائزمنٹ پالیسی اور ڈیجیٹل میڈیا پالیسی کی منظوری میڈیا سیکٹر کے استحکام کی جانب ایک اہم سنگِ میل ہے۔ایمان شاہ
چلاس۔
دیامر،استور ڈویژن میں انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ گلگت بلتستان کے سب آفس کا باقاعدہ افتتاح معاون خصوصی برائے اطلاعات ایمان شاہ اور سیکریٹری اطلاعات دلدار احمد ملک نے کیا۔ افتتاحی تقریب میں کمشنر دیامر،استور ڈویژن خورشید عالم ، ڈپٹی ڈائریکٹر اطلاعات سلیم خان، اسسٹنٹ ڈائریکٹر انفارمیشن منیر جوہر،اسسٹنٹ ڈائریکٹر دیامر استور ڈویژن شفقت محمود قریشی، سمیت ضلعی انتظامیہ، صحافتی تنظیموں کے نمائندگان اور بڑی تعداد میں مقامی صحافیوں نے شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے معاون خصوصی برائے اطلاعات ایمان شاہ نے کہا کہ علاقائی انفارمیشن آفسز کا قیام حکومت کی اس حکمت عملی کا حصہ ہے جس کے تحت معلومات کی بروقت فراہمی، میڈیا رابطہ کاری اور عوامی رسائی کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ سال تک گلگت بلتستان بھر کے صحافیوں کو محکمہ اطلاعات کے ساتھ باضابطہ طور پر منسلک کیا جائے گا جبکہ ایڈورٹائزمنٹ پالیسی اور ڈیجیٹل میڈیا پالیسی کی منظوری میڈیا سیکٹر کے استحکام کی جانب ایک اہم سنگ میل ہے۔ایمان شاہ نے مزید کہا کہ علاقائی پریس کلبز کے لیے خصوصی گرانٹس جاری کیے جا چکے ہیں اور صحافیوں کی مالی معاونت کے لیے انڈوومنٹ فنڈ قائم کیا گیاہے۔ انہوں نے ذمہ دارانہ اور مثبت صحافت کو معاشرتی استحکام کے لیے بنیادی ضرورت قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت افواہوں کی حوصلہ شکنی اور درست معلومات کی فراہمی کے لیے ڈیجیٹل میڈیا کو موثر انداز میں استعمال کرے گی۔ان کا کہنا تھا کہ دیامر بھاشا ڈیم کی تکمیل پاکستان کو معاشی طور پر نئی بلندیوں تک لے جائے گی اور اس ترقی میں دیامر کے عوام کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں۔اس موقع پر اپنے خطاب میں کمشنر دیامراستور ڈویژن خورشید عالم نے اسسٹنٹ ڈائریکٹر اطلاعات شفقت محمود کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ محکمہ اطلاعات حکومت اور عوام کے درمیان ایک مضبوط پل کی حیثیت رکھتا ہے۔ ڈویژنل سب آفس نہ صرف رابطہ کاری کو مزید مؤثر بنائے گا بلکہ عوامی مسائل اجاگر کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔اسسٹنٹ ڈائریکٹر اطلاعات دیامر استور ڈویژن شفقت محمود قریشی نے کہا کہ ڈویژنل آفس میڈیا کو مستند معلومات کی تیز ترین فراہمی کے لیے مربوط حکمت عملی ترتیب دے گی۔تقریب کے اختتام پر مقامی صحافیوں اور عوامی نمائندوں نے ڈویژنل سب آفس کے قیام کو دیرینہ مطالبے کی تکمیل قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے نہ صرف صحافتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا بلکہ عوامی مسائل زیادہ موثر انداز میں سامنے آ سکیں گے۔
urdu news update, Inauguration of Divisional Sub-Office
کہانی ، کزن دوست ، شمائل عبداللہ، گوجرانولہ




