شاہراہِ قراقرم پر تھلچی ٹول پلازہ میں مبینہ امتیازی سلوک، بلتستان کے مسافروں اور ٹرانسپورٹرز کو ہراساں کیے جانے پر شدید تحفظات
رپورٹ، 5 سی این نیوز
شاہراہِ قراقرم پر تھلچی ٹول پلازہ میں مبینہ امتیازی سلوک، بلتستان کے مسافروں اور ٹرانسپورٹرز کو ہراساں کیے جانے پر شدید تحفظات
شاہراہِ قراقرم پر واقع تھلچی چیک پوسٹ اور ٹول پلازہ ایک بار پھر تنازع کا شکار ہو گیا ہے، جہاں این ایچ اے اور چیک پوسٹ عملے کی مبینہ ملی بھگت سے بلتستان سے تعلق رکھنے والے مسافروں اور ٹرانسپورٹرز کو رات گئے، بالخصوص صبح چار بجے کے قریب، ہراساں کیے جانے کا سلسلہ جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق ٹول پلازہ کے نام پر صرف بلتستان کے اضلاع سے آنے والی گاڑیوں کو روکا جاتا ہے، ان سے زبردستی فیس وصول کی جاتی ہے جبکہ گلگت بلتستان کے دیگر اضلاع کی گاڑیوں کو استثنا دیا جاتا ہے۔ اس عملے پر الزام ہے کہ وہ علاقائی رنگ، نسل اور زبان کی بنیاد پر بلتستان کے پرامن عوام کے ساتھ ناروا سلوک روا رکھے ہوئے ہے، جو نہ صرف آئینی اصولوں بلکہ انسانی وقار کے بھی منافی ہے۔
مسافروں کا کہنا ہے کہ خواتین، بچوں اور بزرگوں تک کو بلاجواز روکا جاتا ہے، گاڑیوں کی غیر ضروری تلاشی لی جاتی ہے اور ذہنی دباؤ میں رکھا جاتا ہے۔ ٹرانسپورٹرز کے مطابق یہ رویہ روز کا معمول بن چکا ہے، جس سے عوام میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔
بلتستان کے عوام نے وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان، گورنر، چیف سیکرٹری اور فورس کمانڈر سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس سنگین معاملے کا فوری اور سختی سے نوٹس لیں، تھلچی ٹول پلازہ اور چیک پوسٹ پر ہونے والے مبینہ امتیازی سلوک کا خاتمہ کریں اور ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائیں۔
عوام کا سوال ہے کہ
کیا بلتستان ، گلگت بلتستان کا حصہ نہیں؟
کیا بلتستان کے عوام کسی غیر علاقے سے تعلق رکھتے ہیں؟
اگر قانون ہے تو وہ سب کے لیے یکساں کیوں نہیں؟
متاثرین نے واضح کیا ہے کہ اگر بلتستان کے عوام کو انصاف فراہم نہ کیا گیا اور یہ سلسلہ بند نہ ہوا تو وہ احتجاج اور دھرنے پر مجبور ہوں گے، جس کی تمام تر ذمہ داری حکومتِ گلگت بلتستان پر عائد ہوگی۔
عوامی حلقوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ شاہراہِ قراقرم پر تمام اضلاع کے شہریوں کے ساتھ یکساں قانون نافذ کیا جائے، تاکہ علاقائی ہم آہنگی، اتحاد اور امن کو نقصان نہ پہنچے۔
urdu news update, Harassment of Baltistan Travelers at Thalchi Toll Plaza
دن بھر کی اہم خبروں اور دلچسپ کالمز کی لنک ملاحظہ فرمائیں




