ایڈیشنل چیف سیکرٹری اور سیکرٹری اطلاعات کا صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لیے بڑے اقدامات کا اعلان
رپورٹ عابد شگری 5 سی این نیوز
ایڈیشنل چیف سیکرٹری اور سیکرٹری اطلاعات کا صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لیے بڑے اقدامات کا اعلان
گلگت ایڈیشنل چیف سیکرٹری گلگت بلتستان کیپٹن (ر) مشتاق احمد نے گلگت یونین آف جرنلسٹس کے نئے دفتر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ صحافیوں کو ڈیلی ویجز اور تنخواہوں کے مسائل کے باعث شدید مشکلات کا سامنا ہے، جس کا حل حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ محکمہ اطلاعات کے ذریعے اخبارات کو دیے جانے والے سرکاری اشتہارات کو صحافیوں کی تنخواہوں اور واجبات کی ادائیگی سے منسلک کرنے کی تجویز زیر غور ہے، تاکہ میڈیا ورکرز کو بروقت اور مکمل ادائیگی ممکن ہو سکے اور ان کے معاشی مسائل میں کمی آئے۔
ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے بتایا کہ صوبائی حکومت گلگت بلتستان میں صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ اسی سلسلے میں صحافیوں کے لیے انڈومنٹ فنڈ قائم کیا گیا ہے، جس میں آئندہ آنے والے بجٹ میں مزید اضافہ کیا جائے گا تاکہ صحافی برادری کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ صحافیوں کی ویلفیئر کے لیے ایک جامع پالیسی بھی تشکیل دی جائے گی جس میں صحت، تعلیم، رہائش اور مالی معاونت جیسے اہم پہلو شامل ہوں گے۔کیپٹن (ر) مشتاق احمد نے صحافیوں پر زور دیا کہ وہ معاشرے میں مثبت سوچ، امن، برداشت اور ترقی کے پیغام کو فروغ دیں۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا کا کردار معاشرتی اصلاح میں انتہائی اہم ہے اور صحافیوں کو چاہیے کہ وہ اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں دیانت داری، غیر جانبداری اور ذمہ داری کے ساتھ ادا کریں۔انہوں نے منفی خبروں اور سنسنی خیزی کی حوصلہ شکنی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مثبت اور تعمیری صحافت ہی معاشرے کو آگے بڑھا سکتی ہے۔ انہوں نے یقینu دلایا کہ حکومت صحافیوں کے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی اور میڈیا کو ایک مضبوط اور باوقار ادارہ بنانے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری اطلاعات گلگت بلتستان حاجی ثناء اللّٰه نے کہا کہ صحافت ریاست کا چوتھا ستون ہے اور معاشرے کی ترقی میں اس کا کردار دیگر تمام اداروں سے بڑھ کر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک مضبوط، آزاد اور ذمہ دار میڈیا ہی کسی بھی معاشرے کو درست سمت میں لے جا سکتا ہے۔
سیکرٹری اطلاعات نے بتایا کہ صوبائی حکومت گلگت بلتستان کے صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لیے سنجیدہ اور عملی اقدامات اٹھا رہی ہے۔ اسی سلسلے میں صحافیوں کے لیے انڈومنٹ فنڈ قائم کیا گیا ہے تاکہ ضرورت کے وقت انہیں مالی معاونت فراہم کی جا سکے۔ اس کے ساتھ ساتھ صحافیوں کی ویلفیئر کے لیے بھی مختلف منصوبوں پر کام جاری ہے تاکہ ان کے مسائل کو مستقل بنیادوں پر حل کیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ جدید دور کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ڈیجیٹل پالیسی متعارف کرائی جا رہی ہے، جس کا مقصد میڈیا کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرنا اور ڈیجیٹل صحافت کو فروغ دینا ہے۔ اس کے علاوہ صحافیوں کے لیے ایکریڈیشن کارڈ کے اجرا کا عمل بھی اس مہنے میں شروع کیا جا رہا ہے، جس سے صحافیوں کو شناخت، تحفظ اور سہولیات حاصل ہوں گی۔حاجی ثناء اللّٰه نے کہا کہ صحافیوں کے ڈیلی ویجز کا مسئلہ ایک سنگین نوعیت کا معاملہ ہے اور حکومت اسے ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ جلد ہی اس مسئلے کا مستقل حل نکال لیا جائے گا تاکہ صحافی برادری کو معاشی تحفظ میسر آ سکے۔سیکرٹری اطلاعات نے آنے والے انتخابات کے حوالے سے صحافیوں پر زور دیا کہ وہ ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے مثبت، غیر جانبدار اور حقائق پر مبنی رپورٹنگ کریں۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات کے دوران میڈیا کا کردار انتہائی اہم ہوتا ہے اور کسی بھی قسم کی منفی یا گمراہ کن رپورٹنگ سے معاشرے میں انتشار پیدا ہو سکتا ہے۔ اس لیے صحافیوں کو چاہیے کہ وہ قومی مفاد، امن اور استحکام کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں ادا کریں۔
Urdu news update Gilgit baltistan news




