شگر میں عام انتخابات 2026 کے پیشِ نظر سیاسی سرگرمیوں میں واضح تیزی
رپورٹ، عابد شگری 5 سی این نیوز
شگر میں عام انتخابات 2026 کے پیشِ نظر سیاسی سرگرمیوں میں واضح تیزی آ گئی ہے، اور انتخابی ماحول گرم ہونا شروع ہو گیا ہے۔ اسی سلسلے میں دو اہم سیاسی و سماجی شخصیات نے ریٹرننگ آفیسر سے باضابطہ طور پر کاغذاتِ نامزدگی وصول کر لیے ہیں، جس سے انتخابی عمل کا عملی آغاز ہو گیا ہے۔ کاغذاتِ نامزدگی وصول کرنے والوں میں معروف قانون دان اور سماجی رہنما مہدی علی ایڈووکیٹ اور پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما خادم دلشاد شامل ہیں۔ دونوں امیدواروں نے حلقہ جی بی اے 11 کے ریٹرننگ آفیسر فیصل حیات گوندل کے دفتر میں جا کر کاغذاتِ نامزدگی کے فارم حاصل کیے۔ ذرائع کے مطابق کاغذاتِ نامزدگی کے اجرا کے بعد علاقے میں سیاسی سرگرمیوں میں مزید تیزی متوقع ہے، جبکہ مختلف سیاسی جماعتوں اور آزاد امیدواروں کی جانب سے بھی آئندہ دنوں میں کاغذاتِ نامزدگی حاصل کرنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ عوامی سطح پر بھی انتخابی مباحث، مشاورت اور ملاقاتوں کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے۔ سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ شگر میں الیکشن 2026 نہایت دلچسپ اور کانٹے دار مقابلے کی صورت اختیار کر سکتا ہے، کیونکہ مختلف جماعتیں اور شخصیات متحرک ہو رہی ہیں۔ انتخابی شیڈول کے مطابق کاغذاتِ نامزدگی کی وصولی اور جمع کرانے کا عمل جاری ہے، جس کے بعد امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کی جائے گی۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ وہ انتخابات سے بڑی توقعات وابستہ کیے ہوئے ہیں اور چاہتے ہیں کہ منتخب نمائندے علاقے کی ترقی، بنیادی سہولیات، تعلیم، صحت اور روزگار کے مسائل کے حل کے لیے مؤثر کردار ادا کریں۔
urdu news update gilgit baltistan General Election 2026
نسالو فیسٹول اور پاکستان ، یاسر دانیال صابری
کراچی میں چینی کی قیمت میں 50 روپے کی بڑی کمی، جلد 100 روپے فی کلو تک گرنے کا امکان




