گلگت بلتستان ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے زیرِ اہتمام حکومت گلگت بلتستان کے اعزاز میں ایک پروقار اور شان دار تقریب کا انعقاد
رپورٹ، 5 سی این نیوز
گلگت بلتستان ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے زیرِ اہتمام حکومت گلگت بلتستان کے اعزاز میں ایک پروقار اور شان دار تقریب منعقد ہوئی، جس میں حکومتی و اپوزیشن کے ممبران، وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان، کابینہ ارکان، اسپیکر اسمبلی نظیر احمد ایڈووکیٹ، اپوزیشن لیڈر کاظم میثم ، سیکرٹری صحت آصف اللہ، ایڈیشنل سیکرٹری صحت، اور دیگر اہم شخصیات نے خصوصی شرکت کی۔
تقریب میں گلگت بلتستان بھر سے سینئر و جونیئر ڈاکٹرز نے بڑی تعداد میں شرکت کی جبکہ اس موقع پر محکمہ صحت میں بہتری اور ڈاکٹرز کے درپیش مسائل پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ڈاکٹرز ایسوسی ایشن گلگت بلتستان کے صدر ڈاکٹر برکت اللہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حکومت گلگت بلتستان کا خصوصی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ موجودہ حکومت نے مختصر عرصے میں صحت کے شعبے میں نہ صرف اہم فیصلے کیے بلکہ ڈاکٹرز کے مسائل حل کرنے میں بھی سنجیدہ کوششیں کیں۔
انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرز ریگولیشن اور ہیلتھ سروسز کی بہتری کے لیے جو اقدامات کیے گئے، وہ قابلِ ستائش ہیں۔ برکت اللہ نے وزیراعلیٰ اور سیکرٹری صحت سمیت پوری انتظامیہ کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔سیکرٹری صحت آصف اللہ نے خطاب میں گلگت بلتستان کے ڈاکٹرز کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ صوبے کے کٹھن جغرافیائی حالات کے باوجود ڈاکٹرز نے ہمیشہ عوام کی خدمت میں اپنا کردار بھرپور طریقے سے ادا کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے نئے ہیلتھ ڈھانچے اور پالیسیوں میں ڈاکٹرز کی مشاورت کو ترجیح دی ہے اور آئندہ بھی محکمہ صحت کو جدید خطوط پر استوار کرنے کا عمل جاری رہے گا۔
تقریب میں وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن رحمت خالق، اپوزیشن لیڈر کاظم میثم، اسپیکر گلگت بلتستان اسمبلی نظیر احمد ایڈووکیٹ اور دیگر معزز شخصیات نے بھی خطاب کیا۔
تمام مقررین نے اس امر پر زور دیا کہ صحت کے شعبے کی بہتری کسی بھی معاشرے کی بنیادی ضرورت ہے اور اس کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔
اسپیکر گلگت بلتستان اسمبلی نظیر احمد ایڈووکیٹ نے کہا کہ موجودہ دور حکومت میں محکمہ صحت کو مضبوط بنانے کے لیے متعدد پالیسیز تشکیل دی گئیں۔
انہوں نے خاص طور پر ڈسٹرکٹ غذر میں ڈاکٹرز کی نئی تعیناتیوں، اسپتالوں کی اپ گریڈیشن اور صحت سہولیات کے حوالے سے اگاہ کیا ۔
وزیراعلیٰ حاجی گلبر خان نے اپنے خطاب میں اپنی حکومت کے مختصر دور میں کیے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔انہوں نے کہا کہ صحت کے شعبے کی بہتری حکومت کی اولین ترجیح رہی ہے۔ ڈاکٹرز کی کمی دور کرنے، سہولیات بڑھانے اور ہیلتھ سسٹم کو فعال بنانے کے لیے ریکارڈ اقدامات کیے گئے۔وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے مزید کہا کہ حکومت نے صحت کے شعبے میں متعدد ترقیاتی منصوبے شروع کیے جن سے آنے والے سالوں میں عوام کو بھرپور فائدہ پہنچے گا۔یہ تقریب ایسے موقع پر منعقد ہوئی جب حکومت گلگت بلتستان آج اپنی آئینی پانچ سالہ مدت مکمل کر رہی ہے۔
ڈاکٹرز ایسوسی ایشن نے حکومتِ گلگت بلتستان کے لیے خصوصی ظہرانے کا اہتمام بھی کیا، جس میں ڈاکٹرز نے حکومت کے تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
urdu news update, GB Doctors Association Hosts Grand Ceremony




