شگر کولڈ ڈیزرٹ ریلی جلد ہی عالمی سطح پر پاکستان کی پہچان بنے گی، گورنر گلگت بلتستان کا اختتامی تقریب میں خطاب
شگر کولڈ ڈیزرٹ ریلی جلد ہی عالمی سطح پر پاکستان کی پہچان بنے گی، گورنر گلگت بلتستان کا اختتامی تقریب میں خطاب
شگر : دنیا کے بلند ترین سرد صحرا میں پانچواں سالانہ سرفہ رنگا کولڈ ڈیزرٹ ریلی اختتام پذیر، فورٹ سرینا ہوٹل میں منعقد اختتامی تقریب
رپورٹ عابد شگری 5 سی این نیوز ویب
شگر : دنیا کے بلند ترین سرد صحرا میں پانچواں سالانہ سرفہ رنگا کولڈ ڈیزرٹ ریلی، مقامی کھیلوں اور ثقافتی میلوں کا فیسٹول ایک پر وقار اور رنگا رنگ اختتامی تقریب کے ساتھ اختتام پذیر ہوگیا شگر فورٹ سرینا ہوٹل میں منعقد اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ تھے، اس موقع پر سینئر وزیر برائے تعمیرات سید امجد زیدی، سینئر وزیر برائے لوکل گورنمنٹ اینڈ رورل ڈویلپمنٹ حاجی عبدالحمید، سینئر وزیر برائے خزانہ محمد اسماعیل وزیر برائے پلاننگ و ڈویلپمنٹ راجہ ناصر علی خان، وزیر تعلیم غلام شہزاد آغا سمیت سیکریٹری سیاحت آصف اللہ خان، کمشنر بلتستان ڈویژن نجیب عالم سمیت اعلی سرکاری اور عسکری حکام بھی موجود تھے۔ اختتامی تقریب میں تین روزہ کولڈ ڈیزرٹ ریلی میں شریک کار ریسرز، بائیکرز، سپونسرز، ملک بھر سے آئے ہوئے سیاح اور شائقین کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔تقریب کے دوران ثقافتی اور میوزیکل پرفارمنس بھی پیش کی گئی ، جس سے حاضرین خوب محظوظ ہوئے۔ اختتامی تقریب میں مہمان خصوصی گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ اور صوبائی وزراء اور سنئیر انتظامی حکام نے ریلی کے فاتحین میں ٹرافی اور انعامات تقسیم کئے۔
عادل نعیم میدان صحرا قرار پائے اور پری پیڈ کیٹگری اے میں 80 کلومیٹر کا فاصلہ 48 منٹ میں طے کر کے پہلی پوزیشن حاصل کر لی ۔پری پیڈ کیٹگری بی میں قاسم نے پہلی پوزیشن،پری پیڈ کیٹگری سی میں اسامہ عمیر نے پہلی پوزیشن اورپری پیڈ کیٹگری ڈی میں ظفر بلوچ نے پہلی پوزیشن حاصل کرلی۔ فورس کمانڈر گلگت بلتستان کی جانب سے سرفہ رنگا کولڈ ڈیزرٹ کے پانچ ایڈیشنز میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر بابر خان یوسفزئی کو چیمپئن آف چیمپینز کا خطاب اور 10 لاکھ روپے کا انعام پیش کیا گیا۔
کیٹگری سٹاک اے میں ایم مروت،کیٹگری سٹاک بی میں میکائیل علی ،کیٹگری سٹاک سی میں راشد عبداللہ اور کیٹگری سٹاک ڈی میں فلک شیر نے پہلی پوزیشن حاصل کر لی۔
خواتین کی کیٹگری میں گل نسرین نے پہلی پوزیشن، فریدہ بتول نے دوسری پوزیشن اور مریم شاہد نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔
اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وادی شگر میں تین روزہ کولڈ ڈیزرٹ ریلی کا میلہ سجانے پر محکمہ سیاحت سمیت تمام اداروں کو خراج تحسین پیش کیا اور اس امید کا اظہارکیا کہ یہ ڈیزرٹ ریلی جلد ہی عالمی سطح پر پاکستان کی پہچان بنے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ گلگت بلتستان میں ایڈونچر ٹوارزم کے فروغ سے معاشی اور سیاحتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا اور خطے کا مثبت تشخص اجاگر ہوگا۔
ڈپٹی کمشنر شگر ولی اللہ فلاحی نے استقبالیہ پیش کرتے ہوئے سرفہ رنگا کولڈ ڈیزرٹ ریلی کو خوش اسلوبی اور کامیابی سے منعقد کرنے پر کمیونٹی سمیت تمام سرکاری اور نجی اداروں کے کردار کو سراہتے ہوئے شکریہ ادا کیا اور کہا کہ سرفہ رنگا کولڈ ڈیزرٹ فیسٹیول سے گلگت بلتستان میں سیاحتی سرگرمیوں کو فروغ ملا ہے۔
سیکریٹری سیاحت آصف اللہ خان نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ سرفہ رنگا کولڈ ڈیزرٹ ریلی گلگت بلتستان کی مثبت پہچان اور خطے میں معاشی ترقی اور سیاحتی سرگرمیوں کو بام عروج پر پہنچانے کا اہم ذریعہ بن چکا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سرفہ رنگا کار ریلی کی وجہ سے اس سال فیسٹیول کے دوران نجی سیکٹر کا 23 کروڑ سے زائد کا بزنس ریکارڈ کیا گیا۔ پہلی بار سرفہ رنگا کولڈ ڈیزرٹ ریلی میں کمیونٹی کو اونرشپ دیدی گئی اور سیکیورٹی کے فرائض سرانجام دینے کیلئے بھی سرفہ رنگا بوائز سکاوٹس کا قیام عمل میں لایا گیا۔ پہلی بار سرفہ رنگا کولڈ ڈیزرٹ ریلی میں راک کلائمبنگ سمیت دیگر دیگر ثقافتی کھیل بھی شامل کئے گئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ گلگت بلتستان کے مختلف اضلاع میں کلچرل اور ایڈونچر سپورٹس کے مقابلوں کا انعقاد کرکے صحت مندانہ سرگرمیوں کے فروغ کے ساتھ خطے کی معاشی ترقی کیلئے محکمہ سیاحت اپنا کردار جاری رکھے گا۔
ممبر اسمبلی راجہ اعظم خان نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلتستان کی اصل ثقافت امن ہے اور اس فیسٹیول کے ذریعے بھی ہم نے امن و آشتی کا پیغام دیا ہے۔ انہوں نے بطور ممبر اسمبلی شگر اس فیسٹیول کو کامیاب بنانے میں اہم کردار ادا کرنیوالے اور شرکت کیلئے آنیوالے سیاحوں اور شائقین کا بھی شکریہ ادا کیا۔
تین روزہ سرفہ رنگا کولڈ ڈیزرٹ ریلی اور ثقافتی کھیلوں کے فیسٹیول میں شرکت کرنے کیلئے ملک بھر اور بیرون ملک سے ایڈونچر ٹوارزم کے شائقین اور سیاح اور ریسنگ کے شوقین ماہر کار ریسرز اور بائیکرز سرد اور بلند ترین صحرا کی طرف امڈ آئے تھے۔ تین روزہ فیسٹیول میں بلتستان کے ثقافتی کھیل بشمول پولو، زخ، کپولو، دفنگ، نیزہ بازی، راک کلائمبنگ اور کلچرل اینڈ میوزیکل پروگرام میں مقامی متنوع موسیقی اور روایتی آتش بازی مے فنگ کا بھی شاندار مظاہرہ کیا گیا۔
urdu news update, cold desert jeep rally