خیبرپختونخوا کوہاٹ پولیس پر حملے کے بعد جوابی آپریشن میں 3 دہشت گرد ہلاک
رپورٹ، 5 سی این نیوز
خیبرپختونخوا کے ضلع کوہاٹ کے تھانہ لاچی کی حدود میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب جوابی آپریشن کے دوران 3 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔ ریجنل پولیس افسر (آر پی او) عباس مجید مروت نے بتایا کہ تھانہ لاچی کی حدود در ملک میں دہشت گردوں کے بزدلانہ حملے کے بعد پولیس نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے 3 دہشت گردوں کو ہلاک کیا ہے۔ دہشت گردوں کے حملے میں ایک پروبیشنر اسسٹنٹ سب انسپکٹر (اے ایس آئی) اشفاق شہید اور 2 کانسٹیبل زخمی ہوگئے تھے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریجنل پولیس افسر عباس مجید مروت اور ڈسٹرکٹ پولیس افسر ڈاکٹر زاہد اللّٰہ بھاری نفری کے ہمراہ فوری طور پر موقع پر پہنچے، اور آپریشن کی کمان سنبھال لی۔ پولیس کی نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے کر آپریشن شروع کیا، سنگلاخ پہاڑوں اور جنگل میں کیے گئے کامیاب آپریشن کے نتیجے میں 3 دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا گیا، جن کی لاشیں برآمد کر لی گئی ہیں۔
دہشت گردوں کی شناخت کا عمل جاری ہے۔
urdu news, terrorists killed in counter-operation