شگر اساتذہ کا سکیل اپگریڈیشن نہ ہونے پر کلاسز سے بائیکاٹ، جی بی حکومت سے فوری ایکشن کا مطالبہ
رپورٹ، عابد شگری 5 سی این نیوز
شگر ، گلگت بلتستان ٹیچرز ایسوسی ایشن کی کور کمیٹی کی کال پر بوائز ہائی سکول تسر کے اساتذہ نے بھی دیگر اضلاع کے اساتذہ کی طرح کلاسز کا بائیکاٹ کر دیا ہے۔ اساتذہ کا کہنا ہے کہ عدالت عالیہ کے واضح احکامات کے باوجود گلگت بلتستان حکومت نے بی ایڈ پاسنگ ڈیٹ سے سکیل 16 اور سی ٹی پاسنگ ڈیٹ سے سکیل 14 دینے میں مسلسل تاخیر کی، جس پر تمام اضلاع کے اساتذہ نے احتجاج اور بائیکاٹ کا راستہ اختیار کیا ہے۔ اساتذہ کا کہنا ہے کہ وہ گزشتہ ایک سال سے چیف سیکریٹری، وزیر اعلیٰ، وزیر تعلیم، سیکریٹری ایجوکیشن اور ڈی جی سکولز سمیت تمام مجاز افسران کے دروازے کھٹکھٹا چکے ہیں، لیکن شنوائی نہ ہونے کے باعث وہ مجبوراً یہ قدم اٹھانے پر آمادہ ہوئے۔ انہوں نے سیکریٹری ایجوکیشن پر بدنیتی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ اُن کی نااہلی اور عدم دلچسپی کے باعث اساتذہ اپنے بنیادی حقوق سے محروم ہیں۔ اساتذہ کا مطالبہ ہے کہ انہیں عدالت کے فیصلے کے مطابق فوری طور پر ان کے جائز سکیل دیے جائیں۔ انہوں نے حکامِ بالا سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس اہم مسئلے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے معمارانِ قوم کو ان کے جائز حقوق دیں تاکہ وہ سڑکوں پر آنے کے بجائے اپنے تعلیمی فرائض بخوبی انجام دے سکیں.
urdu news, Teachers boycott classes