معرکہ حق میں اسکوارڈن لیڈرعثمان یوسف سمیت 11 جوان اور 40 شہری شہید ہوئے، ترجمان پاک فوج
رپورٹ، 5 سی این نیوز
معرکہ حق میں اسکوارڈن لیڈرعثمان یوسف سمیت 11 جوان اور 40 شہری شہید ہوئے، ترجمان پاک فوج، پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) نے بھارت کے خلاف معرکہ حق کے دوران اپنی جانوں کا نذرانہ دینے والے شہدا اور زخمیوں کی تفصیلات جاری کردیں۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ معرکہ حق اور وطن کا تحفظ کرتے ہوئے 11 جوانوں نے جام شہادت نوش کیا جبکہ بھارتی جارحیت کا جواب دیتے ہوئے 78 اہلکار زخمی ہوئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی حملوں میں جام شہادت نوش کرنے والوں میں پاک فضائیہ کے اسکواڈرن لیڈر عثمان یوسف، چیف ٹیکنیشن اورنگزیب، سینئر ٹیکنیشن نجیب، کارپورل ٹیکنیشن فاروق اور سینئر ٹیکنیشن مبشر شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی حملوں میں نائیک عبدالرحمن، لانس نائیک دلاورخان، لانس نائیک اکرام اللہ، نائیک وقار خالد، سپاہی محمد عدیل اکبر اور سپاہی نثار نے بھی جام شہادت نوش کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج نے 6 اور 7 مئی کو بلااشتعال حملے شروع کیے، بھارتی حملوں میں 40 شہری شہید ہوئے جن میں 7 خواتین اور 15 بچے بھی شامل تھے جبکہ حملوں میں 121 معصوم شہری زخمی بھی ہوئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق حملوں میں خواتین، بچوں اور بوڑھوں سمیت معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا گیا، زخمیوں میں 10 خواتین اور 27 بچے بھی شامل ہیں، سنگین جارحیت کے جواب میں پاک افواج نے معرکہ حق کے جھنڈے تلے بھرپورجواب دیا، آپریشن بنیان مرصوص کے ذریعے درست اور نمایاں جوابی حملے کیے گئے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ اس میں کوئی ابہام نہیں رہنا چاہیے کہ پاکستان کی خودمختاری یا علاقائی سالمیت کو چیلنج کرنے کی کسی بھی کوشش کا بھرپوراورفیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔
urdu news, pakistan india war