شگر کے گاؤں ڈوگرو میں آنے والے تباہ کن سیلاب نے درجنوں خاندانوں کو کھلے آسمان تلے بے آسرا کر دیا
رپورٹ، 5 سی این نیوز
شگر کے گاؤں ڈوگرو میں آنے والے تباہ کن سیلاب نے درجنوں خاندانوں کو کھلے آسمان تلے بے آسرا کر دیا۔ مکانات، کھیت، زندگی بھر کی جمع پونجی اور روزگار کے تمام ذرائع ایک لمحے میں پانی کے ریلوں میں بہہ گئے۔ گاؤں کے ہر کونے میں تباہی اور ویرانی کا عالم ہے، ملبہ اور ٹوٹے خواب ہر سمت بکھرے پڑے ہیں۔ مقامی افراد کے مطابق، خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، مگر مالی و معاشی نقصان ایسا ہے جس نے زندگی کو مفلوج کر دیا ہے۔ کھیت ویران، فصلیں تباہ، مویشی ہلاک اور قیمتی سامان بہہ جانے سے لوگ شدید کرب میں مبتلا ہیں۔ گاؤں کے بزرگ، خواتین اور بچے سب یکساں متاثر ہیں۔ خواتین کھلے آسمان تلے بے آسرا ہیں، بچوں کے چہروں سے مسکراہٹ غائب ہو چکی ہے، کتابیں اور کھلونے سب پانی میں بہہ گئے ہیں، جبکہ بوڑھے والدین اپنی زندگی بھر کی محنت کو مٹی میں ملتا دیکھ کر نڈھال ہیں۔ متاثرین نے حکومتی اداروں اور عوامی نمائندوں سے شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ انتخابات کے دنوں میں ووٹ لینے کے لیے ہر گلی میں قدم رکھنے والے آج لاپتہ ہیں۔ ان کا مطالبہ ہے کہ ڈپٹی کمشنر شگر اور متعلقہ حکام فوری طور پر بحالی کے اقدامات کریں، متاثرہ خاندانوں کو رہائش، خوراک اور مالی امداد فراہم کی جائے تاکہ وہ دوبارہ زندگی شروع کر سکیں۔
urdu news, land sliding in gilgit baltistan