سابق ممبر اسمبلی و چیئرمین ریڈ کریسنٹ سوسائٹی گلگت بلتستان عمران ندیم نے شگر میں ضلعی انتظامیہ اور تحفظ ماحولیات ایجنسی کی جانب سے سیاحتی سیزن کے دوران ہوٹلوں کی بندش کو غیر دانشمندانہ اقدام قرار دیا ہے
رپورٹ، 5 سی این نیوز
سابق ممبر اسمبلی و چیئرمین ریڈ کریسنٹ سوسائٹی گلگت بلتستان عمران ندیم نے شگر میں ضلعی انتظامیہ اور تحفظ ماحولیات ایجنسی کی جانب سے سیاحتی سیزن کے دوران ہوٹلوں کی بندش کو غیر دانشمندانہ اقدام قرار دیا ہے۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار سکردو میں سیاحت کے عالمی دن کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر سیاحت راجہ ناصر علی خان اور سیکریٹری سیاحت گلگت بلتستان ضمیر عباس بھی موجود تھے۔
عمران ندیم نے کہا کہ اگر کسی ہوٹل کی جانب سے ماحولیات کے خلاف کوئی خلاف ورزی ہو رہی ہے تو اس کی ذمہ داری این او سی جاری کرنے والے اداروں پر عائد ہوتی ہے، لہٰذا کارروائی انہی کے خلاف ہونی چاہیے۔ سالوں پہلے تعمیر ہونے والے ہوٹلوں کو اچانک ماحولیاتی بنیادوں پر بند کرنا غیر منصفانہ ہے اور اس سے سرمایہ کاروں کی حوصلہ شکنی ہوتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دنیا بھر میں حکومتیں سرمایہ کاروں کو سہولیات فراہم کرکے سرمایہ کاری پر آمادہ کرتی ہیں، لیکن یہاں سرمایہ کاروں کو تنگ کرنے کا سلسلہ جاری ہے، جو کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔ شگر جیسے سیاحتی علاقے میں ہوٹل انڈسٹری نہ صرف سیاحوں کو سہولیات فراہم کرتی ہے بلکہ روزگار کے مواقع بھی پیدا کرتی ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ مسائل کا مثبت اور دیرپا حل نکالا جائے تاکہ سیاحت کو فروغ ملے اور سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہو۔
urdu news, gilgit baltistan tourism