urdu news, Gilgit baltistan news ,weather update, Gilgit baltistan weather update 0

گلگت بلتستان: ضلع غذر میں گلیشیئر جھیل کے پھٹنے سے شدید سیلاب، متعدد دیہات زیرِ خطرہ، متاثرہ علاقوں سے آبادی کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔
رپورٹ، 5 سی این نیوز
ضلع غذر کے تحصیل گوپس کے علاقے تلی داس میں واقع نالہ سے گلیشیئر جھیل (GLOF) آج صبح تقریباً 3:30 بجے اچانک پھٹ گئی، جس کے نتیجے میں شدید سیلابی ریلہ آیا جو وقتاً فوقتاً جاری ہے۔ سیلاب کے باعث دریا کا بہاؤ تلی داس کے مقام پر رک گیا ہے، جس کے بعد پانی ایک جھیل کی صورت اختیار کرتا جا رہا ہے جو تیزی سے گاؤں روشن ہاکس، تلی داس، ساد گاہ اور گوپس روڈ کی طرف بڑھ رہا ہے۔ خدشہ ہے کہ اگر دریا کا بہاؤ مزید دیر تک رکا رہا تو یہ دیہات زیرِ آب آ سکتے ہیں۔ ضلعی انتظامیہ اور پولیس نے بروقت الرٹ جاری کرتے ہوئے دریائے کے کنارے آباد آبادی کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا ہے۔ تاحال کسی قسم کا جانی نقصان رپورٹ نہیں ہوا ہے۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر گوپس -یاسین نے اطلاع ملتے ہی متاثرہ علاقے کا دورہ کیا جبکہ اسسٹنٹ کمشنر گوپس یاسین، گلگت بلتستان اسکاؤٹس، پولیس، ریسکیو 1122، ایمبولینسز اور مقامی رضاکار موقع پر موجود ہیں اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ ڈپٹی کمشنر غذر بھی سمل گاؤں کے نچلے علاقے سے صورتِ حال کی نگرانی کر رہے ہیں اور گاہکوچ و دیگر نشیبی علاقوں میں احتیاطی تدابیر کے تحت الرٹ جاری کیے گئے ہیں۔ مقامی لوگ بھی متاثرہ افراد کو اپنے گھروں میں پناہ دے کر مثالی جذبۂ انسانیت کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔

فوری اقدامات:
متاثرہ علاقوں سے آبادی کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔
تقریباً 40 پھنسے ہوئے افراد کو ریسکیو کر کے بحفاظت نکالا گیا۔
سیلابی صورتِ حال کے پیش نظر دونوں اطراف سے ٹریفک کو روک دیا گیا ہے تاکہ کسی ناگہانی واقعے سے بچا جا سکے۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ صورت حال کا مسلسل جائزہ لیا جا رہا ہے اور عوام کو اپڈیٹس فراہم کی جاتی رہیں گی۔
urdu news, Gilgit baltistan news ,weather update, Gilgit baltistan weather update

50% LikesVS
50% Dislikes

گلگت بلتستان: ضلع غذر میں گلیشیئر جھیل کے پھٹنے سے شدید سیلاب، متعدد دیہات زیرِ خطرہ، متاثرہ علاقوں سے آبادی کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں