شگر ریسکیو 1122 شگر کے زیر اہتمام مقامی صحافیوں کے لیے ایک روزہ تربیتی نشست کا انعقاد کیا گیا
رپورٹ،عابد شگری 5 سی این نیوز
شگر ریسکیو 1122 شگر کے زیر اہتمام مقامی صحافیوں کے لیے ایک روزہ تربیتی نشست کا انعقاد کیا گیا، جس میں حادثات کے دوران ابتدائی طبی امداد، جائے وقوعہ پر احتیاطی تدابیر اور ریسکیو آپریشن کے بنیادی اصولوں پر تفصیلی تربیت دی گئی۔تربیتی سیشن میں ریسکیو ماہرین نے صحافیوں کو بتایا کہ کسی بھی حادثے کی رپورٹنگ کے دوران سب سے پہلے اپنی جان کی حفاظت یقینی بنانا لازمی ہے۔ اس موقع پر صحافیوں کو زخمیوں کو بروقت ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے عملی طریقے سکھائے گئے، جن میں خون روکنے، جلنے کی صورت میں فوری امداد اور زخمیوں کو محفوظ مقام پر منتقل کرنے کے طریقہ کار شامل تھے۔ ریسکیو اہلکاروں نے آگ لگنے کی مختلف اقسام، ان پر قابو پانے کے ابتدائی اقدامات اور حادثات کی صورت میں ریسکیو 1122 کی جانب سے فراہم کی جانے والی سہولیات پر بھی تفصیلی بریفنگ دی۔ اس کے ساتھ ساتھ صحافیوں کو یہ رہنمائی بھی دی گئی کہ جائے حادثہ پر رپورٹنگ کرتے وقت کن چیزوں سے گریز کیا جائے تاکہ نہ صرف اپنی حفاظت یقینی بنائی جا سکے بلکہ ریسکیو آپریشن میں بھی خلل نہ پڑے۔ شرکاء نے تربیتی نشست کو نہایت مفید اور معلوماتی قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس طرح کی تربیت صحافیوں کے لیے ناگزیر ہے کیونکہ اکثر وہ سب سے پہلے جائے حادثہ پر پہنچتے ہیں۔ اس تربیت سے وہ نہ صرف اپنی حفاظت بہتر بنا سکیں گے بلکہ بروقت طبی امداد دے کر قیمتی جانیں بھی بچا سکیں گے۔ ریسکیو 1122 شگر کے ترجمان نے اس موقع پر کہا کہ ادارہ مستقبل میں بھی صحافیوں اور عوام کے لیے آگاہی اور تربیتی پروگرامز جاری رکھے گا تاکہ ہنگامی حالات میں نقصان کو کم سے کم کیا جا سکے۔
urdu news, Gilgit baltistan news , Rescue 1122