سکردو چہلمِ امام حسین علیہ السلام کے جلوس کی تیاریوں کے حوالے سے انجمن امامیہ بلتستان کا ماتمی انجمنوں کے ساتھ اہم اجلاس
رپورٹ، 5 سی این نیوز
سکردو چہلم سیدالشہداء حضرت امام حسین علیہ السلام کے جلوس کے انتظامات کے سلسلے میں انجمن امامیہ بلتستان کے صدر آغا باقر الحسینی کی زیر صدارت ماتمی انجمنوں کے ساتھ ایک اہم اجلاس منگل 17 صفر 1447ھ، بمطابق 12 اگست 2025ء کو سکردو مرکز میں منعقد ہوا۔
اجلاس کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے نائب صدر انجمن امامیہ شیخ فدا حسن عبادی نے کیا۔ جنرل سیکرٹری انجمن امامیہ محمد نذیر شگری نے اجلاس میں شریک تمام ماتمی دستوں، عزاداری فورم، امامیہ آرگنائزیشن اور امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان ضلع سکردو کے عہدیداران کا شکریہ ادا کیا۔ صدر انجمن امامیہ بلتستان آغا باقر الحسینی نے کہا کہ اربعین حسینی کا جلوس عزت و تکریم اور عالمی و ملکی سطح پر ایک مضبوط پیغام کے ساتھ برپا ہونا چاہیے۔ انہوں نے تمام ماتمی دستوں کو ہدایت کی کہ اذانِ ظہر سے پندرہ منٹ پہلے جامع مسجد پہنچ جائیں تاکہ وضو اور نماز کے انتظامات ہوسکیں۔ انہوں نے کہا کہ جلوس کو نماز جمعہ کے بعد دوبارہ روانہ کیا جائے گا اور کوشش ہونی چاہیے کہ جلوس مغرب سے پہلے اپنے مقررہ راستوں سے گزر کر اپنے مقامات پر پہنچ جائے۔ آئی ایس او ضلع سکردو کے صدر عمران علی نے کہا کہ انجمن امامیہ ہمیشہ ہمیں میٹنگز میں مدعو کرتی ہے۔ ہم مرکز کو ملت کی ماں سمجھتے ہیں اور ہدایات پر مکمل عمل کریں گے۔ معروف نوحہ خوان یعقوب حسین، دستہ حیدریہ حسن کالونی نے کہا کہ وہ گزشتہ 40 سال سے نوحہ خوانی کر رہے ہیں اور مرکز کی ہدایات پر عمل کو اپنا فرض سمجھتے ہیں۔
اجلاس میں شریک ماتمی انجمنوں کی اہم شخصیات میں محمد الیاس نیورنگا، محمد حسین گنگوپی، یعقوب حسین حسن کالونی، یوسف اخونزادہ نیو رنگا، حاجی شیر احمد نیورنگا، شکور علی اولڈنگ، آئی او پاکستان بلتستان ریجن کے مسئول اصغر علی جوادی اور آئی ایس او پاکستان ضلع سکردو کے صدر عمران علی شامل تھے۔ انجمن امامیہ کے ذمہ داران میں علامہ باقر الحسینی، شیخ فدا حسن عبادی، سید قمر عباس حسینی، محمد نذیر شگری، محمد حسن حسرت، شیخ ذوالفقار انصاری، ظفر علی خان مقپون، محمد یعقوب کھرگڑونگ اور آغا زمانی موجود تھے۔
اجلاس میں گلگت دینور میں واٹر چینل کی مرمت کے دوران تودہ گرنے سے سات قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا گیا اور مرحومین کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی۔
urdu news, Gilgit baltistan news , arbaeen 2025
جاری کنندہ
سیکریٹری نشر و اشاعت
انجمن امامیہ بلتستان