دہشت گردی کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی پر خراج تحسین, معاون خصوصی وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان
رپورٹ 5 سی این این نیوز
دہشت گردی کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی پر خراج تحسین, معاون خصوصی وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان
معاون خصوصی برائے اطلاعات گلگت بلتستان ایمان شاہ نے ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے درابن میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے بھارتی خوارج کے خلاف کامیاب آپریشن کو قوم کے عزم و حوصلے کی واضح مثال قرار دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ وطن عزیز کی سلامتی اور استحکام کے لیے ہماری بہادر افواج نے ہر محاذ پر بے مثال قربانیاں دی ہیں، جن پر پوری قوم کو فخر ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے میں سیکیورٹی فورسز کا کردار ناقابل فراموش ہے اور پوری قوم اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔انہوں نے آپریشن کے دوران جامِ شہادت نوش کرنے والے میجر سبطین حیدر شہید کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کی قربانیاں ہی پاکستان کی بقا اور امن کی ضمانت ہیں۔ ایمان شاہ نے شہید کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان کی حکومت اور عوام شہداء کے خاندانوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔ایمان شاہ نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ اپنے فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہوچکی ہے، اور قومی اتحاد ہی دشمن کی شکست کی بنیاد ہے۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ ملک دشمن عناصر کے خلاف کارروائیاں اسی جذبے اور عزم کے ساتھ جاری رہیں گی۔
