شگر پیپلز پارٹی کے رہنما پر “را” سے فنڈنگ کا الزام، 10 کروڑ ہرجانے کا دعویٰ دائر کردی
رپورٹ، 5 سی این نیوز
شگر پیپلز پارٹی کے رہنما پر “را” سے فنڈنگ کا الزام، 10 کروڑ ہرجانے کا دعویٰ دائر کردی۔پاکستان پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کے رہنما اور چیئرمین ہلالِ احمر عمران ندیم پر بھارتی خفیہ ایجنسی “را” سے فنڈنگ لینے کا الزام لگانے پر مسلم لیگ (ن) شگر کے رہنما طاہر شگری کے خلاف پیپلز لائر فورم نے سیشن کورٹ شگر میں ہتکِ عزت کا مقدمہ دائر کر دیا۔ پیپلز لائر فورم کی جانب سے 10 کروڑ روپے ہرجانے کا دعویٰ کیا گیا ہے، جسے عدالت نے سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے کیس کی پہلی پیشی 10 ستمبر کو مقرر کر دی ہے۔ یہ مقدمہ اس وقت سامنے آیا جب طاہر شگری نے ایک پریس کانفرنس کے دوران عمران ندیم پر الزام لگایا کہ وہ بھارتی خفیہ ایجنسی سے مالی معاونت حاصل کر رہے ہیں۔ الزام کے بعد عمران ندیم کے وکیل کی جانب سے طاہر شگری کو قانونی نوٹس بھیجا گیا، تاہم جواب نہ ملنے پر قانونی چارہ جوئی کا فیصلہ کیا گیا۔پیپلز لائر فورم کے جنرل سیکرٹری بشارت غازی ایڈووکیٹ نے کیس کی پیروی کرتے ہوئے میڈیا کو بتایا کہ تمام شواہد کے ساتھ مقدمہ دائر کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر عدالت سے انصاف نہ ملا تو ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ سے بھی رجوع کیا جائے گا۔ بعد ازاں پیپلز پارٹی نے شگر سیکریٹریٹ میں پریس کانفرنس کا انعقاد کیا، جس میں صوبائی وزیر تعلیم غلام شہزاد آغا، سید حیدر شاہ رضوی، بشارت غازی ایڈووکیٹ اور دیگر رہنما شریک ہوئے۔ غلام شہزاد آغا نے کہا کہ طاہر شگری نے سیاسی نابالغی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بے بنیاد الزام لگایا ہے جس کا مقصد نہ صرف عمران ندیم بلکہ پیپلز پارٹی اور عوامی مینڈیٹ کو بدنام کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ان کے پاس کوئی ثبوت ہے تو عدالت میں پیش کریں، بصورت دیگر معافی مانگیں۔ پیپلز پارٹی رہنماؤں نے مزید الزام عائد کیا کہ طاہر شگری ماضی میں کرپشن الزامات کی وجہ سے مختلف اداروں سے فارغ ہو چکے ہیں، اس کے باوجود وہ دوسروں پر بے بنیاد الزام تراشی کر رہے ہیں۔ سید حیدر شاہ رضوی نے کہا کہ عمران ندیم پر الزام من گھڑت اور سیاسی دشمنی کا شاخسانہ ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ انصاف کے حصول تک قانونی جنگ جاری رکھی جائے گی۔پیپلز پارٹی رہنماؤں نے امید ظاہر کی کہ عدالت حقائق کی بنیاد پر فیصلہ دے گی اور جھوٹے الزامات لگانے والوں کو قانون کے مطابق سزا دی جائے گی۔ شگر پیپلز پارٹی کے رہنما پر “را” سے فنڈنگ کا الزام، 10 کروڑ ہرجانے کا دعویٰ دائر کردی.
urdu news, Gilgit baltistan news, urdu news, Gilgit baltistan news