urdu news, Gilgit baltistan news , 0

شگر بنت حوا فاؤنڈیشن شگر کے وفد نے ڈپٹی کمشنر شگر عارف حسین اور قائم مقام ایس پی شگر عطاء اللہ سے ملاقات کی
رپورٹ، عابدشگری 5 سی این نیوز
شگر بنت حوا فاؤنڈیشن شگر کے وفد نے ڈپٹی کمشنر شگر عارف حسین اور قائم مقام ایس پی شگر عطاء اللہ سے ملاقات کی۔ وفد کی قیادت فاؤنڈیشن کی سیکرٹری جنرل کلثوم ایلیاء شگری ایڈوکیٹ اور سیکرٹری امورِ رابطہ فاطمہ زہرا کررہی تھیں۔ وفد نے ضلعی انتظامیہ اور پولیس حکام کو شگر کی خواتین کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا اور ان کے حل کے لیے تعاون کی درخواست کی۔ عہدیداروں نے خواتین کو انصاف کی فراہمی، ہراسانی جیسے سنگین مسائل اور سماجی چیلنجز کو اجاگر کیا۔ اس موقع پر یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ خواتین کے مسائل سے متعلق آگاہی سیشن منعقد کیے جائیں گے، تاکہ خواتین اپنے حقوق سے باخبر ہوں اور ان کے حصول کے لیے مؤثر جدوجہد کرسکیں۔ ڈپٹی کمشنر شگر عارف حسین نے کہا کہ خواتین کو سب سے زیادہ حقوق اسلام نے دیے ہیں، اور اسلام ہی خواتین کے حقوق کا سب سے بڑا علمبردار ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ ضلعی انتظامیہ شگر ہمیشہ خواتین کے جائز حقوق کا احترام کرتی ہے اور ان کے راستے میں رکاوٹ بننے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ خواتین کو درپیش مسائل، قانون سے آگاہی اور سرکاری ملازمتوں میں ٹیسٹ و انٹرویوز کی تیاری کے لیے آگاہی سیشنز کا انعقاد بھی کیا جائے گا۔ قائم مقام ایس پی شگر عطاء اللہ نے کہا کہ محکمہ پولیس میں خواتین کے مسائل کے حل کے لیے علیحدہ سیل قائم ہے، جہاں خواتین افسران ہی خواتین کے مسائل سنتی اور حل کرتی ہیں۔ انہوں نے خواتین پر گھریلو تشدد یا معاشرتی ناانصافی کی صورت میں پولیس سے رجوع کرنے کی ترغیب دی۔
urdu news, Gilgit baltistan news ,

100% LikesVS
0% Dislikes

شگر بنت حوا فاؤنڈیشن شگر کے وفد نے ڈپٹی کمشنر شگر عارف حسین اور قائم مقام ایس پی شگر عطاء اللہ سے ملاقات کی

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں