شگر اسسٹنٹ کمشنر شگر فیصل حیات گوندل کی زیر صدارت یونین کونسل داسو میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا، جس میں مختلف لائن ڈیپارٹمنٹس کے نمائندوں نے شرکت کی
رپورٹ، 5 سی این نیوز
شگر اسسٹنٹ کمشنر شگر فیصل حیات گوندل کی زیر صدارت یونین کونسل داسو میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا، جس میں مختلف لائن ڈیپارٹمنٹس کے نمائندوں نے شرکت کی۔ ان میں محکمہ تعلیم، ریونیو، ڈسٹرکٹ کونسل، محکمہ جنگلات، برقیات، ورکس اینڈ کمیونیکیشن، لوکل گورنمنٹ اور محکمہ صحت کے افسران شامل تھے۔کھلی کچہری میں علاقے کے عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور اپنے دیرینہ مسائل براہ راست اسسٹنٹ کمشنر کے سامنے پیش کیے۔ عوامی شکایات میں صاف پانی کی فراہمی، صحت کی سہولیات کی کمی، گندم کی فراہمی اور تعلیمی نظام میں بہتری کے مطالبات شامل تھے۔اسسٹنٹ کمشنر فیصل حیات گوندل نے عوام کے مسائل کو بغور سننے کے بعد متعلقہ محکموں کو ہدایات جاری کیں کہ وہ فوری طور پر ان مسائل کے حل کے لیے اقدامات کریں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عوامی فلاح و بہبود کے لیے پرعزم ہے اور اس نوعیت کے عوامی فورمز مستقبل میں بھی منعقد کیے جائیں گے تاکہ عوام کے مسائل براہ راست سنے جا سکیں۔