گلگت بلتستان میں ممکنہ سیلابی خطرات کے پیش نظر جامع منصوبہ بندی کے لیے صوبائی سطح کی کانفرنس کا انعقاد
رپورٹ، 5 سی این نیوز
گلگت بلتستان ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (GBDMA) نے آغا خان ایجنسی فار ہیبی ٹیٹ (AKAH) کے تعاون سے ایک کثیر فریقین پر مشتمل صوبائی سطح کی کانفرنس کا انعقاد کیا، جس کا مقصد آئندہ سیلابی موسم سے قبل ایک جامع “سمر کنٹیجنسی پلان” کی تیاری کے لیے مشاورت فراہم کرنا تھا۔
کانفرنس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری ڈویلپمنٹ گلگت بلتستان کیپٹن (ر) مشتاق احمد، سیکرٹری داخلہ کیپٹن (ر) سید علی اصغر، سیکرٹری واٹر مینجمنٹ، مختلف محکموں کے سربراہان، اور ملکی و بین الاقوامی غیر سرکاری تنظیموں (I/NGOs) کے نمائندوں نے بھرپور شرکت کی۔ شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ قدرتی آفات — خصوصاً فلیش فلڈز (اچانک سیلاب)، گلاف ایونٹس (گلیشیئر جھیل کے پھٹنے کے واقعات) اور دریائی سیلاب — سے نمٹنے کے لیے ایک مؤثر، مربوط اور اجتماعی ردعمل کا نظام انتہائی ناگزیر ہے۔ معلومات کے بروقت تبادلے اور ادارہ جاتی ہم آہنگی کو مستقبل کے خطرات کے لیے کلیدی قرار دیا گیا۔
اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل جی بی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی، زاکر حسین نے کہا کہ:
“یہ مشاورتی عمل نہ صرف مقامی سطح پر خطرات سے نمٹنے کی تیاری کو مضبوط بنائے گا بلکہ گلگت بلتستان کے عوام کی جان و مال کے تحفظ کو بھی یقینی بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔”یہ کانفرنس گلگت بلتستان میں قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے بروقت اور مربوط حکمت عملی کی جانب ایک اہم پیش رفت تصور کی جا رہی ہے۔
urdu news, flood risks in Gilgit-Baltistan