داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ پر کئی اہم اہداف مکمل، بجلی کی پیداوار 2027ء میں شروع ہوگی
رپورٹ، 5 سی این نیوز
پراجیکٹ کی 20 سائٹس پر بیک وقت کام جاری ہے، چیئرمین واپڈا کو پراجیکٹ کے دورے پر حکام کی بریفنگ
15 مئی 2025:چئیرمین واپڈا انجینئر لیفٹیننٹ جنرل سجاد غنی(ریٹائرڈ) نے خیبرپختونخوا کےضلع اپر کوہستان میں دریائے سندھ پر زیرتعمیر داسو ہائیڈروپاور پراجیکٹ کا دورہ کیا اورپراجیکٹ کی اہم سائیٹس پر جاری تعمیراتی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ ان سائٹس میں ریور ڈائی ورشن سسٹم، مین ڈیم، پاور ہاؤس اور متبادل شاہراہ قراقرم شامل ہیں۔
جنرل منیجر/ پراجیکٹ ڈائریکٹرداسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ، کنسلٹنٹس اور کنٹریکٹرز نےچئیرمین کومختلف سائٹس پراہداف اور اب تک ہونے والی پیش رفت کے حوالے سے بریفنگ دی۔ بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ پراجیکٹ کی 20 سائیٹس پر تعمیراتی کام تیزی سے جاری ہے۔ فروری 2023ء میں دریاۓ سندھ کا رخ موڑے جانےکے علاوہ حال ہی میں پراجیکٹ پر ديگر کئی اہم اہداف بھی مکمل کیے جا چکے ہیں۔ مین ڈیم کے دائیں اور بائیں کناروں((Abutmentsکی کھدائی مکمل ہو چکی ہے۔ اسی طرح ہائی فلو سیزن کے دوران اضافی پانی کو گزارنے کے لیے دائیں کنارے توسیعی بائی پاس ٹنل اور اوپن چینل بھی مکمل کی جا چکی ہیں۔ اپ سٹریم اور ڈاؤن سٹریم کوفر(عارضی) ڈیمز مکمل ہونے کے بعد مین ڈیم کی فاؤنڈیشن پر کھدائی کی جارہی ہے جو اسی سال اگست میں مکمل ہو جاۓ گی۔ مین ڈیم کیلئےرولر کمپیکٹ کنکریٹ(آر سی سی) ڈالنے کا عمل بھی رواں سال دسمبر میں شروع ہو جاۓگا۔ بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ پاور ہاؤس کی کھدائی کا کام جنوری 2026ء میں مکمل ہو گا۔ جبکہ شاہراہ قراقرم-1 فروری 2026ء میں مکمل ہوگی۔ شاہراہ قراقرم-1 25کلومیٹرطویل ہے اوراس میں سات ٹنلز اور تین پل بھی شامل ہیں۔ داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ سے بجلی کی پیداوار 2027ء میں شروع ہوگی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوۓ چئیرمین واپڈا نے کنسلٹنٹس اور کنٹریکٹرز کو ہدایت کی کہ وہ ٹائم لائنز کے مطابق پراجیکٹ کی تکمیل کے لیے اپنی کوششوں میں تیزی لائیں۔
دورے کے دوسرے مرحلے میں چئیرمین واپڈا نے مقامی عمائدین کے ساتھ ایک جرگہ میں شرکت کی۔ جرگہ میں از خود آباد کاری پیکج کے تحت ادائیگیوں اور لوکل ایریا ڈویلپمنٹ سکیم پر عمل درآمد بارے تفصیلی بات چیت کی گئی۔ چئیرمین نے کہا کہ واپڈا پراجیکٹ ایریا سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی سماجی اوراقتصادی ترقی کے لئے پر عزم ہے۔ اس مقصد کے لیے پراجیکٹ ایریا میں مختلف ترقیاتی سکیموں پر خطیر رقم خرچ کی جا رہی ہے۔ ان ترقیاتی سکیموں میں مقامی افراد کی آباد کاری، ماحو لیاتی انتظام اور علاقے کی معاشرتی ترقی کے منصوبے شامل ہیں۔ چئیرمین نے پراجیکٹ حکام کو ہدایت کی کہ مقامی افراد کے مسائل کے حل کے لئے ان کے ساتھ قریبی رابطہ برقرار رکھیں۔
داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی مجموعی پیداواری صلاحیت 4 ہزار 320 میگا واٹ ہے اور اسے دو مراحل میں مکمل کیا جا رہا ہے۔ اس وقت واپڈا پراجیکٹ کے پہلے مرحلے پر کام کر رہا ہے جس کی پیداواری صلاحیت2 ہزار 160 میگا واٹ ہے اور اس سے نیشنل گرڈ کو سالانہ 12 ارب یونٹ کم لاگت اور ماحول دوست پن بجلی فراہم ہوگی
urdu news, Dasu Hydropower Project, electricity production will begin in 2027