معرفی فاونڈیشن کے زیر اہتمام یونیورسٹی آف بلتستان سکردو کے 184 طلبہ میں سکالر شپ چیکس تقسیم
معرفی فاونڈیشن کے زیر اہتمام یونیورسٹی آف بلتستان سکردو کے 184 طلبہ میں سکالر شپ چیکس تقسیم
رپورٹ عابد شگری 5 سی این نیوز
معرفی فاونڈیشن میرٹ کی بنیاد پر طلبہ کو سکالرشپ دیتی ہے ،بلتستان کا مستقبل روشن ہے ۔افضل علی شگری کا خطاب
اسکالر شپ کے اجراء کا مقصد طلبہ کی مالی معاونت کرنا ہے افضل علی شگری
معرفی فاونڈیشن کی خدمات لائق تحسین ہیں ۔وائس چانسلر ڈاکٹر محمد نعیم خان
یونیورسٹی آف بلتستان تیزی سے ترقی کی منازل طے کر رہی ہے اب تک سینکڑوں جامعات سے باہمی تعاون کے معاہدے ہوئے ہیں ۔ وائس چانسلر کا خطاب
معرفی فاونڈیشن کے زیر اہتمام سکالر شپ چیکس تقسیم کرنے کی تقریب یونیورسٹی آف بلتستان سکردو انچن کیمپس میں ہوئی جس کے تحت یونیورسٹی آف بلتستان سکردو کے 184 طلبہ میں سکالر شپ چیکس تقسیم کیے گیے ۔سکالر شپ کی کل رقم 30 لاکھ 17 ہزار روپے بنتی ہے معرفی فاونڈیشن کے مینجنگ ٹرسٹی افضل علی شگری نے مجموعی رقم کا چیک یونیورسٹی آف بلتستان سکردو کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد نعیم خان کے حوالے کیا، چیکس کی تقسیم کے حوالے سے یونیورسٹی آف بلتستان سکردو میں خصوصی تقریب ہوئی ، تقریب کے مہمان خصوصی منیجنگ ٹرسٹی معرفی فاونڈیشن پاکستان افضل علی شگری تھے تقریب میں وائس چانسلر یونیورسٹی آف بلتستان سکردو پروفیسر ڈاکٹر محمد نعیم خان ،رجسٹرار یونیورسٹی آف بلتستان سکردو وسیم اللہ جان ملک ،رکن گلگت بلتستان کونسل شیخ احمد علی نوری ، ممبر سینٹ یونیورسٹی آف بلتستان سکردو ڈاکٹر جاوید اقبال، معرفی فاونڈیشن کے المنائی و سیاسی شخصیت تقی اخونزادہ، کویت میڈیکل کمپلیکس کے ایم ایس ڈاکٹر شریف استوری، محمد علی ، معرفی فاونڈیشن کے جنرل منیجر فضل علی اور دیگر نے شرکت کی ، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے منیجنگ ٹرسٹی معرفی فاونڈیشن پاکستان افضل علی شگری نے کہا کہ بلتستان کا تعلیمی مستقبل روشن ہے بلتستان کے طلبہ باصلاحیت ہیں اور ہر میدان میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے کی اہلیت اور صلاحیت رکھتے ہیں انہوں نے کہا کہ معرفی فاونڈیشن نے سکالر شب کا اجراء گلگت بلتستان کے طلبہ کی مالی مشکلات کو مد نظر رکھتے ہوئے شروع کیا گیا تھا تاکہ کوئی بھی طالب علم مالی مشکلات کے باعث پڑھائی سے محروم نہ رہ سکے ، اب تک اس سکالر شپ سے ہزاروں مستحق طلبہ مستفید ہو چکے ہیں، بلتستان یونیورسٹی کی ٹیم باصلاحیت افراد پر مشتمل ہے وسیم اللہ جان ملک بڑے اچھے منتظم ہیں ان کے ساتھ کام کرنے کا اتفاق ہوا ہے میں ان کی صلاحیتوں کا معترف ہوں ، انہوں نے کہا کہ سال رواں معرفی فاونڈیشن کی سکالر شپ سے سب سے ذیادہ استفادہ حاصل کرنے والے طلبہ میں جامعہ بلتستان کے طلبہ سرفہرست ہیں خوشی اس بات کی ہے کہ سکالر شب حاصل کرنے والوں میں اکثریت طالبات کی ہے ۔ وائس چانسلر یونیورسٹی آف بلتستان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معرفی فاونڈیشن کی تعلیمی اور صحت کے شعبے میں خدمات ہر حوالے سے قابل ستائش ہیں، بلتستان میں تعلیمی انقلاب برپا کرنے میں معرفی فاونڈیشن کا کلیدی کردار ہے افضل علی شگری گلگت بلتستان کے قابل فخر فرزند ہیں بطور ممبر سینٹ یونیورسٹی آف بلتستان سکردو انہوں نے جامعہ ہذا کی فعالیت میں اپنا بھرپور کردار ادا کیا۔ان کی تعلیمی خدمات کے اعتراف میں اگر انہیں گلگت بلتستان کا سر سید کہا جائے تو مناسب رہے گا انہوں نے کہا کہ سکالر شپ سے طلبہ کی مالی معاونت ہو گی انہوں نے کہا کہ جامعہ بلتستان تیزی سے ترقی کی منازل طے کر رہی ہے جامعہ ہذا کی نئی عمارت بھی تعمیر ہو چکی ہے جامعہ ہذا نے ملکی اور غیر ملکی جامعات کے ساتھ اپنے روابط مستحکم کر لیے ہیں اب تک سینکڑوں جامعات کے ساتھ باہمی تعاون کے معاہدے ہو چکے ہیں طلبہ کی اہلیت بڑھانے کے لیے انہیں مہارتوں کی جانب راغب کیا جا رہا ہے ،ایک دوسرے سے سیکھنے کا عمل جاری رہنا چاہئے ہم اپنے طلبہ کو دور جدید کے تقاضوں سے ہم آہنگ کر رہے ہیں مستقبل قریب میں جامعہ ہذا کے سینکڑوں طلبہ مہارتوں سے لیس ہونے کے لئے چائنہ جائیں گے ، افضل علی شگری کی خدمات کے معترف ہیں انہوں نے ہر موقعے پر ہماری رہنمائی کی اور ہمارا حوصلہ بڑھایا، معرفی فاونڈیشن کے جنرل منیجر فضل علی نے اس موقعے پر سکالر شپ کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ اس سکالر شپ پروگرام کا آغاز دہائیوں قبل کیا گیا تھا اور اس کا بنیادی مقصد طلبہ کی مالی معاونت تھا انہوں نے کہا کہ اس سکالر شپ کا آغاز ڈیڑھ کروڑ روپوں سے کیا گیا تھا جن گھرانوں کی آمدن 60 ہزار سے کم ہے اس خاندان سے تعلق رکھنے والے طلبہ اس سکالر شپ کے لیے اپلائی کر سکتے ہیں ،سکالر شپ کی تقسیم میرٹ کی بنیاد پر کی جاتی ہے 1987 سے اب تک 560 طلبہ کو 23 ملین سے زائد رقم سکالر شپ کی مد میں دی گئی ہے بی ایس کے طلبہ کو اب تک 39 ملین سے زائد رقم دی جا چکی ہے ،جبکہ کلاس پنجم سے ایف ایس سی کے طلبہ کو اب تک 15 ملین سے زائد کی رقم سکالر شپ کی مد میں دی گئی ہے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے تقی اخونزادہ نے کہا کہ معرفی فاونڈیشن کی تعلیمی خدمات سنہری الفاظ میں لکھی جاسکتی ہیں ، معرفی فاونڈیشن نے بلتستان میں تعلیمی انقلاب کے لیے بھرپور کام کیا ہے ،معرفی ہاسٹل سے فارغ ہونے والے طلبہ آج زندگی کے مختلف شعبوں میں اپنی خدمات سر انجام دے رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ جامعہ بلتستان کی بدولت بلتستان میں تعلیم کے حصول کا
رجحان بڑھ رہا ہے ، تقریب سے احسان علی دانش نے بھی خطاب کیا جبکہ تقریب کی نظامت لیکچرار عبد الرحمن میر نے کی ، تقریب کے آخر میں طلبہ میں سکالر شپ چیکس تقسیم کیے گئے، وائس چانسلر نے یونیورسٹی انتظامیہ اور سٹاف کی جانب سے افضل علی شگری کو یادگاری شیلڈ بھی پیش کی۔
Scholarship checks distributed among 184 students of University of Baltistan Skardu under the organization of Nadash Foundation