بلتستان یونیورسٹی ، یومِ غدیر میرٹ کی بالادستی کا نام ہے، بلتستان یونیورسٹی میں جشنِ غدیر کا اہتمام علمائے کرام کی شرکت
بلتستان یونیورسٹی ، یومِ غدیر میرٹ کی بالادستی کا نام ہے، بلتستان یونیورسٹی میں جشنِ غدیر کا اہتمام علمائے کرام کی شرکت ۔
رپورٹ ۔ عابد شگری 5 سی این نیوز
میرٹ ہی وہ واحد راستہ ہے جس کے ذریعے حقیقی معنوں میں تبدیلی لائی جاسکتی ہے مقررین کا خطاب
کراچی کے معروف عالمِ دین علامہ اسد علی شاکریؔ، علامہ ڈاکٹر صابر علی وزیریؔ، علامہ میثم جعفریؔ اور وائس چانسلر کا خطاب ، طلباء کی کثیر تعداد شریک
سکردو(پ ر)یونیورسٹی آف بلتستان سکردو میں یوم غدیر کی مناسبت سے محفل میلاد کا اہتمام کیا گیا۔ محفل میں کراچی سے تشریف لائے ہوئے معروف مذہبی اسکالر علامہ اسد علی شاکریؔ، ڈاکٹر صابر علی وزیریؔ، علامہ میثم جعفریؔ ، وائس چانسلر یونیورسٹی آف بلتستان سکردو پروفیسر ڈاکٹر محمد نعیم خان نے خصوصی شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے علامہ اسد علی شاکریؔ نے کہا کہ غدیر خم کے میدان میں پیغمبر اکرم حضرت محمد مصطفےﷺ نے حضرت علی علیہ السلام کو اپنا جانشین بنانے کا اعلان کرتے ہوئے فرمایا کہ جس جس کا میں مولا ہوں اس اس کا علی علیہ السلام مولا ہے۔ پیغمبر اکرمﷺ کے اسی اعلان کے ساتھ دین مصطفے کی تکمیل ہوگئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ غدیر درحقیقت میرٹ کا اعلان تھا جس میں حجاج کرام اور تمام مسلمانوں پر حجت تمام کرتے ہوئے اسلام میں حقیقی میرٹ کا اعلان ہوا تھا۔ یوم غدیر سے نہ صرف عالم اسلام بلکہ پوری انسانیت کو پیغام ملا کہ میرٹ کی بالادستی سب سے مقدم ہے میرٹ ہی وہ واحد راستہ ہے جس کے ذریعے حقیقی معنوں میں شفافیت لائی جاسکتی ہے۔ محفل میلاد سے خطاب کرتے ہوئے شعبہ ایجوکیشنل ڈیویلپمنٹ بلتستان یونیورسٹی کے صدر ڈاکٹر صابر علی وزیریؔ نے غدیر اور ہماری ذمہ داری کے عنوان پر خطاب کیا ۔ اُنہوں نے حضرت علی علیہ السلام کی شخصیت کے مختلف پہلوؤں کو اُجاگر کرتے ہوئے کہا کہ علی حق و باطل کی لکیر ہے ۔ جو بھی شخص آپ علیہ السلام کی پیروی کرے گا وہ راہِ نجات کی کشتی میں سوار ہوگا علامہ وزیریؔ کی خطابت میں جوش تھا، چاشنی تھی اور جذباتیت کا عنصر نمایاں تھا۔ ڈاکٹر صابر علی وزیریؔ نے کہا کہ دینی و دنیاوی علوم میں کوئی تفریق نہیں۔ آج کے سائنسی ترقی کے پس پردہ حضرت علی علیہ السلام کے نظریات و خیالات کام کررہے ہیں۔ مولا نے فرمایا تھا کہ میں پانی سے روشنی پیدا کرسکتا ہوں اور اسی فرمان پر غور و فکر کرتے ہوئے مغرب نے بجلی ایجاد کی اسی طرح اگر سائنس اور ٹیکنالوجی کے ایجادات کی بات کی جائے تو تمام تر ٹیکنالوجی و ترقی مولا کے فرمان و افکار کے گرد گھومتی ہے۔ معروف عالم دین علامہ میثم جعفری نے کہا کہ مغرب کا نظریہ جدت حضرت علی علیہ السلام کے فرمودات کے گرد گھومتاہے۔ آج جو علم و حکمت مغرب کے پاس ہے دراصل وہ ہمارے پاس ہونا چاہئے تھا لیکن بدقسمتی سے ہم نے مولا اور غدیر کو نہیں سمجھا بلکہ ہم نے اس دن کو محض نعروں کی حد تک محدود کیا ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر بلتستان یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد نعیم خان نے کہا کہ یونیورسٹی آف بلتستان نے ہمیشہ تمام مکاتب فکر کو ایک پلیٹ فارم پر یکجا کرنے کیلئے ہر ممکن کوشش کی ہے۔یوم مصطفے، یوم الحسین کے بعد یوم الغدیر اسی سلسلے کی کڑی ہے جہاں حقیقی معنوں میں پیغام دین مصطفے و پیغام اہلبیت اطہار کو عام کرنے اور ان کے فرمودات کو سمجھنے اور اسے دوسروں تک پہنچانے میں مدد ملی آئندہ بھی اس نوعیت کی روح پرور تقاریب ہوتی رہنگی ۔تقریب میں بارگاہ امامت و ولایت میں عدنان سمیع،دیدار حسین، ناصر کمال اور ثقلین مشتاق نے منقبت پیش کئے۔
University of Baltistan, Ghadeer Day is the name of supremacy of merit, celebration of Ghadeer in University of Baltistan is organized with the participation of scholars.