بلتستان یونیورسٹی کے بی ایس ایجوکیشن کے طلباء نے عالمی یوم ماحولیاتی صحت کے موقع پر بلائنڈ لیک، شگر کے خوبصورت مقام پر ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا
بلتستان یونیورسٹی کے بی ایس ایجوکیشن کے طلباء نے عالمی یوم ماحولیاتی صحت کے موقع پر بلائنڈ لیک، شگر کے خوبصورت مقام پر ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا
رپورٹ ۔ عابد شگری 5 سی این نیوز
شگر میں عالمی یومِ ماحولیاتی صحت کی تقریب کا انعقاد
بلتستان یونیورسٹی کے بی ایس ایجوکیشن کے طلباء نے عالمی یوم ماحولیاتی صحت کے موقع پر بلائنڈ لیک، شگر کے خوبصورت مقام پر ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا۔ اس تقریب کی قیادت قیصر عباس، لیکچرر اور ایڈیشنل ڈائریکٹر اکیڈمکس نے کی۔ تقریب کا مقصد ماحولیاتی صحت کی اہمیت کو اجاگر کرنا اور طلباء کو قدرت کے قریب تر لانا تھا۔تقریب تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قیصر عباس نے کہا کہ کہ ماحولیاتی صحت کا خیال رکھنا ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے ۔۔ انہوں نے بیرونی اور عملی تجربات کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ تجربات کلاس روم کی تعلیم سے زیادہ مؤثر ثابت ہوتے ہیں۔مہمانِ خصوصی، ڈاکٹر تیمور نے ماحولیاتی صحت پر ایک جامع اور معلوماتی لیکچر دیا۔ انہوں نے کہا کہ “ایک صحت مند ماحول ہی ایک صحت مند معاشرے کی بنیاد ہے” انہوں نے ماحولیات کی خرابی میں انسانی سرگرمیوں کے کردار کو تفصیل سے بیان کیا۔ ڈاکٹر تیمور نے موسمیاتی تبدیلیوں اور دیگر ماحولیاتی مسائل کے حل کے لیے پائیدار عمل کو اپنانے کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے قدیم ثقافتوں کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ ماضی میں لوگ فطرت کے ساتھ ہم آہنگی سے زندگی گزارتے تھے، لیکن آج کی صنعتی ترقی نے اس توازن کو بگاڑ دیا ہے، جس کی وجہ سے آلودگی، جنگلات کی کٹائی اور عالمی درجہ حرارت میں اضافہ جیسے مسائل پیدا ہوئے ہیں۔
ڈاکٹر تیمور نے گلگت بلتستان کے ماحولیاتی چیلنجز پر بھی بات کی، خاص طور پر یہاں کے گلیشیئرز کے پگھلنے کے عمل پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے علاقے کے پانی کے ذخائر اور مقامی آبادی کو شدید خطرات لاحق ہیں۔
تقریب کے دوران ایک کوئز مقابلہ بھی منعقد کیا گیا، جس میں اصغر علی نے پہلی، خدیجہ نے دوسری، اور شبانہ نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ ڈاکٹر تیمور نے طلباء کی تخلیقی صلاحیتوں کو سراہا اور ان کی بھرپور شرکت کی تعریف کی۔
تقریب کے اختتام پر طلباء نے بلائنڈ لیک کے کنارے صفائی مہم میں حصہ لیا، جو ان کے ماحولیاتی تحفظ کے حوالے سے سنجیدہ رویے کی عکاسی کرتا ہے۔ قیصر عباس نے تقریب کے اختتام پر مہمان مقررین کا شکریہ ادا کیا اور طلباء کی پرجوش شرکت کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے عملی تجربات ان کی تعلیمی زندگی کا بہترین حصہ ہیں۔ طلباء نے بھی اس تقریب کو اپنی تعلیمی زندگی کا ایک یادگار لمحہ قرار دیتے ہوئے مزید ایسی سرگرمیوں کے انعقاد کا مطالبہ کیا۔
یہ تقریب 26 ستمبر کو منعقد ہونا تھی، تاہم کچھ غیر متوقع وجوہات کی بنا پر ملتوی کر دی گئی تھی۔ اس تقریب کو پروجیکٹ اسائنمنٹ کا حصہ قرار دیا گیا ہے، اور طلباء اپنے تجربے پر مبنی رپورٹ آئندہ دس دنوں میں جمع کرائیں گے۔ Urdu news