وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کا یونیورسٹی انڈومنٹ فنڈز کے فراہمی کے لیے کلیدی کردار ادا کرنے کا وعدہ
وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کا یونیورسٹی انڈومنٹ فنڈز کے فراہمی کے لیے کلیدی کردار ادا کرنے کا وعدہ
پریس نوٹ
وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان، حاجی گلبر خان، نے یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ یونیورسٹی آف بلتستان، سکردو، کے لیے انڈومنٹ فنڈز کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ یونیورسٹی کے انڈومنٹ فنڈ کے قیام سے متعلق وزیر اعظم کو لکھے گئے مراسلے پر وزیر اعظم سیکرٹریٹ نے سفارشات طلب کی ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ وہ انڈومنٹ فنڈز کے قیام کے حوالے سے جلد از جلد سفارشات تیار کرکے وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ میں جمع کرائیں۔واضح رہے کہ یونیورسٹی آف بلتستان، سکردو کے رجسٹرار، وسیم اللہ جان ملک نے گلگت میں وزیر اعلیٰ حاجی گلبر خان سے خصوصی ملاقات کی۔ اس ملاقات میں رجسٹرار نے یونیورسٹی کی مالی ضروریات اور چیلنجز پر تفصیلی بریفنگ دی اور وزیر اعلیٰ سے گزارش کی کہ وہ انڈومنٹ فنڈز کی فراہمی میں اپنا کردار ادا کریں۔
رجسٹرار نے مزید کہا کہ یونیورسٹی آف بلتستان محدود وسائل کے باوجود طلبہ کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ وزیر اعلیٰ حاجی گلبر خان نے اس موقع پر یقین دہانی کرائی کہ وہ یونیورسٹی کے مسائل کے حل میں اہم کردار ادا کریں گے اور ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے تاکہ یونیورسٹی کے معاملات خوش اسلوبی سے چل سکیں۔