column in urdu, Another brutal murder 0

ایک اور بےرحم قتل ہماری نوجوان نسل کہاں جا رہی ہے، اقبال شگری
حال ہی میں اسلام آباد میں ایک 17 سالہ لڑکی کے بےدردی سے قتل کی خبر نے دل دہلا دیا۔ یہ محض ایک واقعہ نہیں، بلکہ ہمارے معاشرے کی گرتی ہوئی اخلاقی حالت کا آئینہ ہے۔ یہ قتل صرف ایک جان کا نقصان نہیں بلکہ اس کے پیچھے چھپی محرکات ایک پوری نسل کی تباہی کی داستان سناتے ہیں۔
ہم ایک ایسے معاشرے میں جی رہے ہیں جہاں آئے روز نوجوانوں کی تباہی کی خبریں سننے کو ملتی ہیں۔ ان واقعات کے پیچھے اکثر و بیشتر دوستی، عشق، اور سوشل میڈیا کی آزاد خیالی کا گہرا عمل دخل ہوتا ہے۔ ہمارے نوجوان، جن پر قوم کا مستقبل انحصار کرتا ہے، آج کل co-education کے اداروں میں “GF-BF” کے کلچر میں الجھ کر اپنی قیمتی زندگیاں برباد کر رہے ہیں۔ اس کی سنگینی تب مزید بڑھ جاتی ہے جب والدین لاپرواہی کا مظاہرہ کرتے ہیں — جیسے ان کی تربیت کی ذمہ داری ختم ہو چکی ہو۔
سوشل میڈیا اور موبائل فونز کی بھرمار نے نوجوانوں کو فریبِ نظر میں مبتلا کر دیا ہے۔ وہ وقتی لذتوں میں اس قدر گم ہو جاتے ہیں کہ نہ والدین کی عزت کا خیال رہتا ہے، نہ اپنی زندگی کی قیمت کا۔ جذبات کی شدت اور شیطانی وسوسے مل کر انہیں ایسے راستوں پر ڈال دیتے ہیں جہاں نہ منزل ہے، نہ سکون، بس پچھتاوا ہے، اذیت ہے، اور بعض اوقات… موت۔
خدا را! نوجوانو، تمہاری جوانی بہت قیمتی ہے۔ اسے لایعنی محبتوں، فضول دوستیوں اور وقتی جذبات میں ضائع نہ کرو۔ تمہارا اصل مقصد تمہارے والدین کی عزت، خوشی، اور اپنے رب کی رضا ہونی چاہیے۔ اپنی زندگی کو اسلامی اصولوں کے تابع کرو، تاکہ تمہارے حال اور مستقبل دونوں سنور جائیں۔
اسلام نے حدود مقرر کی ہیں تاکہ انسان فتنوں سے بچ سکے۔ مغربی طرزِ زندگی کی اندھی تقلید نے ہماری نسل کو گمراہ کر دیا ہے۔ آج کا نوجوان عشق و عاشقی، دوستی اور فیشن میں اپنی اصل شناخت بھول چکا ہے۔ خدارا، اپنی سمت درست کرو۔ ورنہ وہ وقت دور نہیں جب ہر گلی میں کوئی قاتل بنے گا، کوئی مقتول، کوئی ملزم اور کوئی مظلوم۔
آخر میں والدین سے بھی گزارش ہے کہ وہ اپنی اولاد کی تربیت پر مکمل توجہ دیں۔ اپنی مصروفیات سے وقت نکالیں، بچوں سے تعلق مضبوط کریں، ان کے رویوں، دوستوں، اور سرگرمیوں پر نظر رکھیں۔ ورنہ یہی بچے کل کو یا تو جیل میں ہوں گے، یا قبر میں — اور والدین صرف پچھتاتے رہ جائیں گے۔
column in urdu, Another brutal murder

100% LikesVS
0% Dislikes

ایک اور بےرحم قتل ہماری نوجوان نسل کہاں جا رہی ہے، اقبال شگری

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں