پنجاب میں بے گھر خاندانوں کیلئے ’’اپنی زمین، اپنا گھر‘‘ منصوبے کے ای پورٹل کا افتتاح
رپورٹ، 5 سی این نیوز
پنجاب میں بے گھر خاندانوں کیلئے ’’اپنی زمین، اپنا گھر‘‘ منصوبے کے ای پورٹل کا افتتاح، لاہور: پنجاب میں بے گھر افراد کے لیے ’’اپنی زمین، اپنا گھر‘‘ منصوبے کے ای پورٹل کا افتتاح کردیا گیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بے گھر افراد کے لیے فلاحی اقدامات کی ایک اور مثال قائم کرتے ہوئے اپنی زمین، اپنا گھر منصوبے کا باضابطہ افتتاح کر دیا۔
افتتاحی تقریب میں وزیراعلیٰ نے بٹن دبا کر منصوبے کے ای پورٹل کا افتتاح کیا، جس کے ذریعے شہری مفت پلاٹ کے لیے آن لائن درخواست دے سکیں گے۔
یہ منصوبہ وزیراعلیٰ کے مثالی فلاحی پروگرام ’اپنی چھت، اپنا گھر‘ کی توسیع ہے، جس کے تحت اب تک 34 ہزار گھروں کی تعمیر کا عمل شروع ہو چکا ہے جب کہ 2 ہزار گھر مکمل ہو چکے ہیں۔’اپنی زمین، اپنا گھر‘ منصوبے کے پہلے مرحلے میں پنجاب کے 19 اضلاع میں 23 ہاؤسنگ اسکیموں کے تحت 3 مرلے کے 2 ہزار پلاٹس مفت فراہم کیے جائیں گے۔
پہلے مرحلے میں پلاٹوں کی تقسیم جہلم، پتوکی، ماموں کانجن، لودھراں اور رینالہ خورد میں ہوگی اور قرعہ اندازی کے ذریعے منتخب ہونے والے افراد کو گھر کی تعمیر کے لیے آسان شرائط پر قرضے بھی دیے جائیں گے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اس موقع پر کہا کہ یہ منصوبے محض تعمیرات نہیں بلکہ ہزاروں خاندانوں کی دعائیں ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ قرض کی واپسی کے لیے آسان اقساط اور 3 ماہ کا گریس پیریڈ رکھا گیا ہے جب کہ قرضوں کی واپسی کا عمل بھی شروع ہو چکا ہے۔
Apni Zameen Apna Ghar Program Apply Online