گورنمنٹ مڈل اسکول سیسکو شگر میں عیدمیلادالنبی(ص) اور حضرت امام جعفرصادق علیہ السلام کی ولادت کے موقع پر جشن میلادصادقین کےعنوان سے اسکول کے گراؤنڈ میں ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی
گورنمنٹ مڈل اسکول سیسکو شگر میں عیدمیلادالنبی(ص) اور حضرت امام جعفرصادق علیہ السلام کی ولادت کے موقع پر جشن میلادصادقین کےعنوان سے اسکول کے گراؤنڈ میں ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی، اس پروگرام میں مہمان علماء اور اساتذہ کے خطاب نیز نعت خوانوں اور منقبت خوانوں کی طرفسے گلہائےعقیدت کے علاوہ طلباء کے درمیان مضمون نویسی، خطاطی اور تقریری مقابلے بھی شامل تھے. اس موقع پر تمام مقابلوں میں کامیاب ہونے والے خوش نصیب پوزیشن ہولڈرز کو خصوصی انعامات سے بھی نوازا گیا. تلاوت کلام پاک سے اس محفل میلاد کا باقاعدہ آغاز ہوا، نعت رسول مقبول ص کے بعد استاد محترم محمد حسن کریمی صاحب نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے جشن میلاد کے مہمانان خصوصی جناب حجۃ الاسلام والمسلمین شیخ محمد علی کریمی صاحب، شیخ اکبر علی ترابی صاحب اور دیگر عمائدین کو اسکول میں خوش آمدید کہا، اور اسکول کی کارکردگی اور درپیش مسائل کے بارے میں شرکاء کو آگاہ کیا،
استاد محترم شیخ رضا صالحی صاحب نےخاتم الانبیا حضرت محمدمصطفی صلی الله عليه وآلہ وسلم اور آپ کے چھٹے جانشین حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام کی حالات زندگی کے بارے میں تفصیل سے گفتگو کی، شیخ اکبرعلی ترابی نے گورنمنٹ مڈل اسکول کے پرنسپل اور اساتذہ کی طرفسے ایام عزا میں یوم حسین ع اور ربیع الاوّل میں جشن میلاد صادقین اور مختلف مقابلوں کے انعقاد اور تقسیم انعامات کے ذریعہ طلبہ وطالبات کی حوصلہ افزائی کو سراہا اور اسکول کی تعلیمی ،تربیتی اور غیرنصابی سرگرمیوں اور کارکردگی کو تسلی بخش قرار دیا، انہوں نے کہا کہ ان غیرنصابی سرگرمیوں اور تربیتی پروگراموں کے سلسلے میں خیرالعمل آرگنائزیشن سیسکو اور دیگر ادارے بھی پہلے کی طرح تعاون کرتے رہینگے انشاالله۔ مختلف مقابلوں کے پوزیشن ہولڈرز میں انعامات تقسیم کرنے کے بعد تقریب/جشن میلاد کےصدرحجۃ الاسلام والمسلمین شیخ محمد علی کریمی صاحب کے دلسوز، نصیحت آمیز اور پر مغز خطبۂ صدارت اور خصوصی دعا کے ساتھ جشن میلاد صاقین کا نورانی پروگرام اختتام پزیر ہوا۔