وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان کی زیر صدارت گلگت بلتستان اپیکس کمیٹی کا ایک اہم اجلاس اپیکس کمیٹی روم، جٹیال گلگت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں کمانڈر ایف سی این اے، چیف سیکریٹری گلگت بلتستان، انسپکٹر جنرل پولیس، ہوم سیکرٹری، سیکریٹری داخلہ اور دیگر تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں، انٹیلی ایجنسیز اور انتظامی امور کے نمائندگان نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران قاضی نثار احمد اور جسٹس ملک عنایت الرحمٰن پر ہونے والے حملوں جیسے دہشت گردی کے واقعات کی بھرپور مذمت کی گئی۔ شرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کسی بھی قیمت پر گلگت بلتستان کے امن و امان کو خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور ان واقعات میں ملوث تمام افراد کو کیفرکردار تک پہنچایا جائے گا۔
اس موقع پر وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے عوام سے اپیل کی کہ وہ پُرامن رہیں اور تصادم سے باز رہیں اور امن و امان کے قیام کے لیے سیکیورٹی اداروں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔ کمانڈر ایف سی این اے نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز علاقے کے امن و امان اور عوام کے تحفظ کے لیے ہر وقت تیار ہیں۔
فورم نے سیکریٹری ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کو ہدایت کی کہ 2 سے 3 ہفتوں کے اندر گلگت بلتستان میں چلنے والی تمام گاڑیوں کی انکی ملکیت کے نام سے رجسٹریشن مکمل کی جائے تاکہ شرپسند عناصر کی جانب سے گاڑیوں کے گمنام استعمال کی روک تھام کی جا سکے۔
اجلاس میں شرکاء نے تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد جو کہ گلگت بلتستان میں امن و امان برقرار رکھنے میں کردار ادا کر رہے
ہیں ان کو خراج تحسین پیش کیا۔ اجلاس کا اختتام اس عزم کے ساتھ ہوا کہ گلگت بلتستان میں امن و استحکام کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز مشترکہ طور پر کام کریں گے۔ حکومت اور سیکیورٹی ادارے امن و امان اور خطے کی سلامتی کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرتے رہیں گے اور اس افسوسناک واقعہ میں ملوث افراد کو منتقی انجام تک پہنچانے میں کوئی کثر نہیں اْٹھا رکھیں گے۔
