بلتستان یونیورسٹی ترقی کی جانب گامزن ہے،بلتستان یونیورسٹی کے تمام طلباء و طالبات ایک خاندان کی طرح ہیں، وائس چانسلر
بلتستان یونیورسٹی ترقی کی جانب گامزن ہے،بلتستان یونیورسٹی کے تمام طلباء و طالبات ایک خاندان کی طرح ہیں، وائس چانسلر
رپورٹ، عابد شگری 5 سی این نیوز
بلتستان یونیورسٹی کے تمام طلباء و طالبات ایک خاندان کی طرح ہیں اور علم کے مضبوط رشتے میں بندھے ہوئے ہیں
ہم عنقریب ایشیاء کی دوسری بڑی یونیورسٹی کے ساتھ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کرنے جارہے ہیں، ڈاکٹر نعیم خان
ہفتہ کھیل 2024ء کا رنگا رنگ آغاز، اساتذہ، انتظامیہ اور طلباء و طالبات کی بھرپورشرکت،متعدد کھیلوں کے مقابلے
سکردو(پ ر) بلتستان یونیورسٹی سکردو میں ہفتہ کھیل 2024ء کا جب آغاز ہوا تو سورج کی تپش قدر تیز تھی، تاہم سورج کی حرارت ہفتہ کھیل کی راہ میں حائل نہیں تھی۔ طلباء و طالبات کے جوش و خروش میں پہاڑ جیسی بلندی اور انتظامیہ و اساتذہ کے غیر مشروط تعاون نے ہفتہ کھیل کو چار چاند لگادیئے۔ حسب سابق امسال بھی وائس چانسلر بلتستان یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد نعیم خان تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے جبکہ انتظامی آفیسران اوراساتذہ کرام نے بھی مذکورہ تقریب میں موجود تھے ۔ تقریب شروع ہوئی تو تمام کھیلوں کی ٹیمیں اپنے کپتان اور صدر شعبہ کے ہمراہ گراؤنڈ میں داخل ہوئیں اور ہرصدرشعبہ نے اپنے ہاتھ میں جھنڈا اُٹھا رکھا تھا۔ جھنڈے کی ہمراہی اور ٹیمیوں کی شان کے ساتھ گراؤنڈ میں داخل ہونا اِس بات کی علامت تھی کہ تمام ٹیمیوں نے بھرپور تیاری کررکھی ہے۔ کھیل کے آغاز کی خوشی میں چھ سے آٹھ کبوتروں کو آزاد کردیا گیا، آزادی اور کھیل کے باہمی تعلق کو نمایاں کرنے کےلئے اِس سے بہتر عمل نہیں ہوسکتا تھا۔ پھر قومی ترانے کی بازگشت تو ہر حال میں سنائی دینی تھی جو کہ تمام تقریبات کی شروعات سے قبل عام روایت ہے۔ گراؤنڈ میں موجود ہرفرد قومی ترانے کے احترام میں ساکت ہوا اور ہمہ تن گوش ہوکر قومی ترانے کی سماعت کی۔ مہمانِ خصوصی وائس چانسلر بلتستان یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد نعیم خان اپنی ہمہ جہت شخصیت اور نرم مزاج طبیعت کے ساتھ سامعین کے سامنے نمودار ہوئے۔ ہمیشہ چہرے پر مسکراہٹ سجائے وائس چانسلر نے ہفتہ کھیل 2024ء کو صحت مندانہ سرگرمی سے تعبیر دی ۔ ایک پُرمغز تقریر میں اُنہوں نے بلتستان یونیورسٹی کی شبانہ روز ترقی کو اجمالی طورپر بیان کرتے ہوئے کہا کہ اِس وقت بلتستان یونیورسٹی درجہ بدرجہ ترقی کی طرف گامزن ہے، اب ہمیں ترقی سے کوئی نہیں روک سکتا ۔ اُنہوں نے بلتستان یونیورسٹی کے طلباء و طالبات کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ تمام طلباء و طالبات ایک ہی خاندان کی طرح ہیں اور ان کے درمیان علم کا مضبوط رشتہ قائم ہے۔ بلتستان یونیورسٹی کی عمومی ذمہ داریوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے وائس چانسلر نے کہا کہ ہم بطور جامعہ وطنِ عزیز کی سرحدوں کے محافظ ہیں اور پاک فوج کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ ہفتہ کھیل 2024ء کے پہلے دن متعدد کھیل منعقد ہوئے۔ کرکٹ، فٹ بال، رسہ کشی ، تیر اندازی، والی بال وغیرہ کے مقابلوں میں کئی ایک ٹیمیں جیت گئیں اور کئی ایک ٹیموں کی قسمت میں ہار لکھا تھا ۔ ٹیلنٹ ہنٹ شو 2024ء کاباقاعدہ آغاز آج منگل کو ہوگا جس میں تین مقابلے ہوں گے۔ تلاوتِ کلام پاک، نعتِ رسول مقبول اور ملی نغمہ۔ کنوینئر ڈاکٹر ریاض کے مطابق تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں، ایک منظم طریقے سے ٹیلنٹ ہنٹ کا آغاز ہوگا۔ دریں اثناء ڈائریکٹر اسپورٹس ڈاکٹر مہدی حسن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بہترین انتظامات کی موجودگی میں اور انتظامیہ کے بھرپور تعاون سے ہفتہ کھیل کا آغاز ہوچکا ہے، توقع ہے کہ اِس دفعہ طلباء و طالبات کو بہترین کھیلوں کے مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔
Baltistan University is moving towards development, all the students of Baltistan University are like a family