بلتستان یونیورسٹی : سمسٹر بہار 2024ء کی گرینڈ تعارفی نشست، امتحانی طریقہ کارکردگی کی بھی وضاحت

بلتستان یونیورسٹی : سمسٹر بہار 2024ء کی گرینڈ تعارفی نشست، امتحانی طریقہ کارکردگی کی بھی وضاحت
رپورٹ عابد شگری 5 سی این نیوز
نشست کا اہتمام ڈائریکٹریٹ آف اکیڈمکس اور کوالٹی انہاسمنٹ سیل کے باہمی اِشتراک سے کیا گیا
نئے اساتذہ اور طلبہ کو یونیورسٹی کے قواعد و ضوابط سے آشنا کیا گیا، امتحانی طریقہ کارکردگی کی بھی وضاحت
مقررین نے شعور، علم، ذمہ داری، فرائض ، احساس ، تفکر و تذکر جیسے عنوانات پر سیرِ حاصل گفتگو کی
سکردو بلتستان یونیورسٹی کے نئے تعلیمی سیشن 2024ء کے آغاز پر انچن کیمپس آڈیٹوریم میں ایک گرینڈ تعارفی نشست کا اہتمام ہوا۔ نشست کے انعقاد کا مقصد نئے اساتذہ اور طالب علموں کو یونیورسٹی کے قواعد و ضوابط، امتحانی طریقہ کار، سمسٹر نظام کے حوالے سے آشنا کرنا تھا۔ پروگرام میں اساتذہ کرام، انتظامی آفیسران اور طالب علموں کی ایک بڑی تعداد شریک ہوئی۔ تعارفی نشست کا اہتمام ڈائریکٹریٹ آ ف اکیڈمکس اور کوالٹی انہاسمنٹ سیل کے باہمی اشتراک سے ہوا۔رجسٹراروسیم اللہ جان ملکؔ ، ڈائریکٹر اکیڈمکس ڈاکٹر حاجی کریم خان، پروجیکٹ ڈائریکٹرڈاکٹر ذاکر حسین ذاکرؔ، نائب ناظمِ امتحانات نسیم عباس، خزانچی محمد اقبال اور ڈائریکٹر آئی ٹی امتیاز احمدنے متعلقہ شعبہ کے حوالہ سے تفصیلی بریفنگ دی۔ مقررین نے اپنے خطاب میں انتظامی باریکیوں کو بیان کیا، اکیڈمکس معاملات کی توضیح کی، شعر و شاعری کے ذریعے پیغام کی ترسیل کی، امتحانی طریقہ کار کے حوالے سے رہنمائی فراہم کی ، فائنانس اور بجٹ پر بات ہوئی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کی اہمیت و افادیت پر بات کی گئی اور طالب علموں کو یونیورسٹی کے لرننگ مینجمنٹ سسٹم سے آگاہ کیا گیا ۔ مقررین نے بتایا کہ علم کی پہلی منزل شعور ہے، شعور کے حصول کے بعد ذمہ داری و احساس اُس پہلی منزل کا حتمی نتیجہ ہے۔ وہ علم ہی کیا جس میں شعور عنقاء ہو اور غور و فکر کی استطاعت نہ ہو۔ بلتستان یونیورسٹی اپنے آغاز سے لے کر اب تک جہدِ مسلسل کے سفر پر رواں دواں ہے۔آج آپ بھی اُس سفر کے ہمراہی بن گئے ہیں۔ مقررین نے مزید کہا کہ جامعہ ہذا سے فارغ التحصیل طلباء و طالبات ہماری جامعہ کا چہرہ، سفیر اور پیغام رساں ہیں۔وہ جہاں بھی جائیں گے ہمارا مثبت چہرہ لے کر جائیں گے۔ اُنہوں نے کہا کہ اچھا طالب علم وہ ہے جو علم کے حصول کو سرسری نہیں بلکہ غور وفکر کی نیت سے حاصل کرتا ہے۔ طالب علموں کو ناصحانہ عمل کی طرف راغب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ روزانہ کی بنیاد پر خود احتسابی کا شعار اپنالیں۔ گھر سے یونیورسٹی تک اور یونیورسٹی سے گھر تک کا تمام عرصہ تفکر و تدبر کا حامل ہونا چاہیے۔ واضح رہے کہ بلتستان یونیورسٹی سالانہ تعلیمی سیشن کے آغاز پر ایک گرینڈ تعارفی نشست کا اہتمام کرتی ہے۔ اِس نشست کے انعقاد کا مقصد نئے اساتذہ اور طالب علموں کو یونیورسٹی کے قواعد و ضوابط سے آگاہ کرنا ہوتا ہے۔
urdu news, University of Baltistan: Semester Spring 2024 Grand Introductory Session, also explanation of examination method

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں