بلتستان یونیورسٹی کے ایجوکیشن سیکشن(سی)کے طلبہ کا کچورا گرلز ہائی اسکول کا دورہ

بلتستان یونیورسٹی کے ایجوکیشن سیکشن(سی)کے طلبہ کا کچورا گرلز ہائی اسکول کا دورہ
رپورٹ عابد شگری 5 سی این نیوز
اسکول کے ہیڈ ماسٹر نثارحسین، اساتذہ کرام اور طالبات کی طرف سے پُرتپاک استقبال
دورہ میں چند ایک سینئرز طلبہ بھی شامل تھے، متعلقہ اسکول کی طالبات سے مفید نشست
سیاحتی و ہم نصابی سرگرمیاں اِنسانی حسِ مزاج کا لازمی جزو ہیں، ڈاکٹر ریاض رضیؔ کا خطاب
سکردو بلتستان یونیورسٹی شعبہ ایجوکیشنل ڈیویلپمنٹ بی ایس میقاتِ دوم (سیکشن سی) کے طلباء وطالبات نے کچورا گرلز ہائی اسکول کا دورہ کیا۔ دورے کی قیادت اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر ریاض رضیؔ کررہے تھے۔ دورے میں میقاتِ چہارم کے چند ایک طلبہ بھی شامل تھے۔یہ دورہ ”سیاحتی و مشاہداتی طریقۂ تدریس“ کی تکمیل کی غرض سے کیا گیا تھا۔ مذکورہ مضمون میقاتِ دوم میں ”تدریسِ اسلامیات“ کے عنوان سے شامل ہے۔ مطالعاتی وفد گرلز ہائی اسکول کچورا پہنچا تو اسکول ہذا کے ہیڈماسٹر نثار حسین، اساتذہ کرام اور طالبات نے پُرتپاک استقبال کیا اور بعدازاں عمارت کا تفصیلی دورہ کرایا۔ بلتستان یونیورسٹی کے طلباء و طالبات نے اسکول کے مختلف کمروں کا معائنہ کیا اور کلاس میں موجود طالبات سے براہِ راست گفتگو و شنید کی۔ خصوصیت کے ساتھ چند ایک طلبہ نے جماعتِ نہم و دہم کی طالبات کے سامنے تقریری طریقۂ تدریس کو بنیاد بناکر لیکچرترسیل کرنے کا عملی مظاہرہ بھی کیا۔ طلباء و طالبات نے کچورا ہائی اسکول کی طالبات کو یونیورسٹی کے تعلیمی نظام، ماحول اور طریقۂ تدریس کے حوالے سے آگاہ کیا اور طالبات کو مشورہ دیتے ہوئے قرار دیا کہ بلتستان یونیورسٹی گھر کی دہلیز پرتعلیم مہیاء کررہی ہے، ملک کے دیگر شہروں میں قائم جامعات کی طرح یہاں بھی بہتر تعلیم فراہم کرنے کی کوششیں اور کاوشیں جاری ہیں۔بعید نہیں کہ بلتستان یونیورسٹی بھی اُن جامعات کی طرح تعلیم و تحقیق میں اپنا نام پیدا کرلے۔ طالبات سے مختلف سوالات بھی کئے گئے اورپوچھا گیا کہ اگر آپ یونیورسٹی سطح کی تعلیم حاصل کرنا چاہیں گی تو کون سی جامعہ آپ کا انتخاب ہوگی؟ تمام طالبات نے یک زبان ہوکر کہا کہ ہم اعلیٰ تعلیم کے حصول کےلئے بلتسان یونیورسٹی کا ہی انتخاب کریں گی۔ پسندیدہ مضمون کے حوالے سے پوچھے گئے سوالات کے جوابات میں اکثر طالبات نے بتایا کہ وہ انگریزی مضمون پسندکرتی ہیں اور مستقبل میں اسی مضمون میں ہی اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔ پسندیدہ پیشہ کے حوالہ سے بعض طالبات نے معلمہ بننے کی خواہش ظاہر کی اور بعض طالبات نےپی ایچ ڈی کی سند حاصل کرنے کا ارادہ ظاہر کیا۔ دریں اثناء طالبات سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر ریاض رضیؔ نے کہا کہ سیاحتی و ہم نصابی سرگرمیاں انسانی حسِ مزاح جگانے کےلئے ضروری اَمر ہیں۔ انسان ایک ماحول اور ایک ہی جگہ پر گھٹن محسوس کرتا ہے۔تعلیم کے حصول کے دوران طلباء وطالبات کو سیاحت و مشاہدہ بھی کرنا چاہیے تاکہ وہ تجربات حاصل کرتا رہے اور جب عملی زندگی میں قدم رکھے تو اُس کو کسی پریشانی کا سامنا نہ ہو۔ ڈاکٹر ریاض رضیؔ نے طالبات کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ بلتستان یونیورسٹی کے طلبہ وطالبات آپ سے اپنے تجربات شیئر کرنے آئے ہیں ، ممکن ہے کہ بعض طالب علموں کے تجربات آپ کےلئے مفید ثابت ہوں۔ اُنہوں نے زبردست استقبال اور خوش آمدید کہنے پر اسکول انتظامیہ اور طالبات کا شکریہ ادا کیا۔ دوسری جانب گرلز ہائی اسکول کچورا کے ہیڈ ماسٹر نثار حسین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسکول ہذا کی انتظامیہ بلتستان یونیورسٹی کے طلباء وطالبات کو تہہ دل سے خوش آمدید کہتی ہے۔ ہمیں خوشی ہے کہ بڑے تعلیمی ادارے کے طلبہ ہمارے اسکول کے دورے کےلئے آئے ہیں۔ اِس اَمر سے ہماری طالبات کو سیکھنے کا موقع ملے گا۔ اسکول کے دورے کے بعد بلتستان یونیورسٹی کے طلباء وطالبات ژھوق نالہ بھی پہنچے۔ طلباء و طالبات نے سیاحتی طریقۂ تدریس کی تکمیل کےلئے یہاں کے مختلف مناظر کا مشاہدہ کیا اور بعدازاں اپنے اسائمنٹ کےلئے ضروری نِکات کی جمع آوری کی۔
Urdu news, Students of Education Section (C) of Baltistan University visited Kachora Girls High School

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں