خدمت خلق اور میرا پسماندہ علاقہ .کمیل شگری

خدمت خلق اور میرا پسماندہ علاقہ .کمیل شگری
Urdu news, social welfare and my backward area
خدمت خلق یعنی انسانوں سے پیار ومحبت اور ضرورت مند انسانوں کی مدد کے کاموں کی اہمیت وضروت کو ہردور میں تسلیم کیا گیا اور اس نیک کام کو ہر دین ومذہب میں داد و تحسین کی نظرسے دیکھا جاتا ہے لیکن دین اسلام نے تو خدمت خلق پر بہت ہی زور دیا ہے- چنانچہ اسلام دنیا کا وہ واحد مذہب ہے جو سراپا خیر و رحمت، حسن سلوک اور خیر خواہی سے عبارت ہے،اور مخلوق خدا کی خدمت اس کا طرّۂ امتیازہے، یہی وجہ ہے کہ اس دین کو رحمت، اس کے خدا کو رحمٰن و رحیم اور اس دین کے نبی کو رحمةللعٰلمین کہا گیاہے-

خدمت خلق محبت الٰہی کا تقاضہ ،ایمان کی روح اور دنیا وآخرت کی سرخ روئی وسرفرازی کا ذریعہ ہے، صرف مالی اعانت ہی خدمت خلق نہیں ہے بلکہ کسی کی کفالت کرنا ، کسی کو تعلیم دینا ،مفید مشورہ دینا ،کسی کو کوئی ہنر سکھانا، علمی سرپرستی کرنا، تعلیمی ورفاہی ادارہ قائم کرنا، کسی کے دکھ درد میں شریک ہونا اور ان جیسے دوسرے امور خدمت خلق کی مختلف شکلیں ہیں۔اگر انسان کسی وقت آپس میں اُلجھ پڑیں تو پھر ان کے درمیان صلح کرانا بھی خدمت خلق ہے۔ قرآن میں ارشاد باری تعالٰی ہے کہ اگر اہل ایمان میں سے دو گروہ آپس میں لڑجائیں تو ان کے درمیان صلح کراؤ۔ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی حیات طیبہ خدمت خلق کا بہترین نمونہ ہے۔ آپؐ ہمیشہ دوسروں محتاجوں کی مدد کرتے تھےدراصل آپؐ کی تو پوری زندگی ہی خدمت خلق ہے۔ آپؐ کا فرمان مشہور ہے کہ “اللہ اس کی مدد کرتا ہے جو دوسروں کی مدد کرتا ہے”۔
اگر ہم اس فرمان کو سمجھیں اور اس پر عمل کریں تو ہماری زندگی بہت خوش گوار اور آسان ہوجائے گی۔ ہر انسان دوسرے انسان کی مدد کے لئے تیار رہے گا۔ سب سے اچھا کام وہ ہے جو دوسروں کے لیے کیا جائے۔ ہم جہاں دن رات اپنے کاموں میں لگے رہتے ہیں اور خوب محنت کرتے ہیں وہاں اگر دوسروں کے کاموں میں بھی تھوڑا سا وقت دیں اور تھوڑی سی محنت کریں تو کتنا اچھا ہوگا۔ شاید آپ کے دل میں یہ خیال آئے کہ دوسروں کے کام کرنے سے ہمیں خوشی کیسے ملے گی ؟ تو تجربہ کرکے دیکھ لیجئے۔ بعض اوقات تو اپنے کام سے زیادہ کسی دوسرے کے کام آنے سے خوشی ہوتی ہے۔ یہ خیال ہمیں لذت اور راحت بخشتا ہے کہ ہماری ذرا سی توجہ اور کوشش سے کسی کا کام ہوگیا اور اس کو آرام و سکون و راحت ملی۔
رسول اکرمؐ اور اھلبیت اطہار ع کی پوری زندگی خدمت خلق کا شاہکار تھی بنی نوع انسان کی ہمدردی و خیرخواہی سے عبارت تھی اپنے اور بیگانے سب کی خدمت کرتے تھے ہمیشہ دوسروں کی تکالیف دیکھ کر بے چین ہو جاتے تھے بیماروں کی عیادت کرتے تھےمحتاجوں اور غریبوں کی مدد کرتے تھے، بھوکوں اور مسافروں کو کھانا کھلاتے تھے، غلاموں کے ساتھ شفقت کا برتاؤ کرتے اور دوسروں کے حقوق کی حفاظت کرتے تھے۔ غرض یہ کہ محمد و آل محمد علیہم السلام کی زندگی کا ہر پہلو خدمت خلق کا مظہر اور صبح قیامت تک کیلئے اعلی نمونہ ہے۔
قرآن و اہلبیت کی تعلیمات کی پیروی کرتے ہوئے پسماندہ علاقوں میں عرصہ دراز سے “خالق کی اطاعت کیجئے اور مخلوق کی خدمت کیجئے” کا شعار اور نعرہ بلند کرتے ہوئے کراچی کے ساحل سے لےکر K2 کے دامن تک دین کی تبلیغ ونشرواشاعت نیز خلق خدا کی خدمت کا اعزاز حاصل کرنے والے ایک منفرد دینی و فلاحی ادارہ کا نام دارالابلاغ والارشادپاکستان ہے اور اسکے بانی و چیئرمین کا نام نامی اسم گرامی شیخ جوادنوری ہے جو ضلع شگربلتستان کے پسماندہ و دور افتادہ علاقہ باشہ سیسکو میں پیدا ہوئے اور 4سال کی عمر میں سایہ پدری سے محروم ہونے کی وجہ سے یتیم ہوئے اس یتیم اور اکیلے فرد نے ہمت نہیں ہاری اپنی مدد آپ دینی و مروجہ تعلیم حاصل کی،زبان وقلم کے ہتھیار میں مہارت حاصل کی، آپ بیک وقت عالم، شاعر، کاتب، خطیب، مدرس اور امام جماعت سب ہیں، شہر دیکھے دنیا کے مختلف ممالک دیکھے اور پھر یتیمی کے دور میں سہنے والے دکھ درد، حالات و واقعات کی روشنی میں پسماندہ علاقے کے غرباء مساکین، یتیموں بیواؤں، علماء، طلباء، مساجد امام بارگاہ، مدارس ،اسکول خلاصہ سب کے دکھ درد، مسائل مشکلات کو مسلسل یاد اور محسوس کرتے رہے خیرالعمل آرگنائزیشن سیسکو کے پلیٹ فارم سے سیاسی،سماجی اور دینی سرگرمیوں کا آغاز کیا بعد ازاں 2005 میں ایک الگ ادارہ قائم کرنے میں کامیاب ہوئے تب سے یہ ادارہ کراچی میں اور بلتستان کے اس پسماندہ علاقے میں بےلوث خدمت کرنے میں مصروف عمل ہے اس ادارہ کی دینی، فلاحی، تعلیمی اور فرہنگی خدمات کا ایک خاکہ اور خلاصہ نذر قارئین کرنا چاہتاہوں۔
دانشگاہ جعفریہ بلتستان
دور دراز علاقوں سے شہر سکردو میں پڑھنے کیلئے آنے والے طالب علموں کے مسائل و مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے دارالابلاغ والارشاد پاکستان نے سکردو شہر میں 2کروڑ روپے کی لاگت سے 4 منزلہ ایک شاندار تعلیمی مرکز دانشگاہ جعفریہ بلتستان کے نام سے قائم کیاہے خوبصورت، شاندار اور ہوادار اس ھاسٹل میں اسکول اور کالج کے طلباء کو قیام و طعام، مدرسہ، ٹیوشن سمیت بنیادی سہولیات میسر ہیں. قائدبلتستان علامہ شیخ جعفری صاحب نے افتتاح کے موقع پر کثیرالمقاصد ہونے کی وجہ سے اس پروجیکٹ کا نام جعفریہ کمپلیکس بلتستان تجویز کیا اس کمپلیکس میں ایک فری کلینک کیلئے جگہ مختص ہے، ایک لائبریری موجود ہے، حضرت آیت اللہ بوستانی کے نام سے ایک وسیع حسینیہ ھال بھی موجود ہے اس کے علاوہ اور بھی مقاصد زیرغور ہیں۔ ادارہ کی جانب سے اب تک کراچی اور بلتستان میں مختلف اسکول، کالج اور یونیورسٹیوں میں زیر تعلیم متعدد طلباء کے لئے اسکالر شب دیا جاچکا ہے مستقبل میں بھی یہ سلسلہ جاری رکھنے کا عزم رکھتا ہے۔
مدرسہ قائمیہ دوکو باشہ
نئی نسل کو قرآن و اہلبیت کی تعلیمات سے روشناس کرانے کے لئے یہ ادارہ ڈوکو باشہ شگر میں مدرسہ قائمیہ کے نام سے مدرسہ چلا رہا ہے جہاں 170 طلبہ وطالبات زیرتعلیم ہیں۔ اس مدرسہ کی تعمیر، توسیع اور مرمت اور ضروریاتِ پر اب تک لاکھوں روپے خرچ کرچکا ہے مزید کام جاری ہے۔
مدرسہ سجادیہ سجاد آباد
سجادآباد سیسکو میں نئی نسل کی تعلیم و تربیت کیلئے سجادیہ کے نام سے مدرسہ قائم کیا گیا ہے جس میں ماشاءاللہ 70 بچے دینی تعلیم حاصل کررہے ہیں اور سال بہ سال بچوں کی تعداد اور دلچسپی میں اضافہ ہورہا ہے جو خوش آئند ہے اس مدرسہ کی عمارت کیلئے ایک مؤمن نے زمین دینے کا اعلان کیا ہے اللہ انکی توفیقات میں اضافہ کرے، ادارہ اس جگہ مدرسہ کی تعمیرات کیلئے کوشاں ہے۔

مساجد کےأئمہ جمعہ وجماعت کیلئےشہریہ
بلتستان میں مساجد کے تقریباً 70 آئمہ جمعہ وجماعت نے ادارہ کے پاس رجسٹریشن کروایا ہے جن کو ہرماہ وظیفہ/شہریہ دیاجاتا ہے۔ شہریہ کے ساتھ ساتھ کبھی راشن، عید کا جوڑا اور تحفہ بھی دیاجاتا ہے۔
کراچی کے متعددأئمہ جمعہ وجماعت بھی اس سہولت سے مستفید ہورہےہیں ۔
ماہ رمضان افطاری،سحری و راشن پروگرام
رمضان المبارک میں سکردو خصوصا ضلع شگر کے بالائی علاقوں کے متعدد گاؤں اور بستیوں کے روزہ داروں کیلئے ہرسال مساجد میں روزانہ افطاری اور شبہائے قدر میں سحری کا انتظام کیاجاتا ہے ۔تصدیق شدہ بیوہ یتیم، معذور، نادار اور مستحق خاندانوں کو گھرگھر جاکر برائے افطاری راشن پہنچاتے ہیں۔
سالانہ مقابلہ حسن قرائت و اعتکاف
ہر سال ماہ رمضان میں بچوں، جوانوں اور بڑوں کیلئے مقابلہ حسن قرائت اور اعتکاف کا انتظام کیاجاتا ہے اور دونوں روح پرور پروگراموں پوزیشن ہولڈرز اور اعتکاف کے شرکاء کو انعامات دیئے جاتے ہیں ۔
موسم سرما ریلیف پروگرام
اس پروگرام کے تحت کراچی، سکردو اور شگر میں مستحقین میں گرم کپڑے، رضائی، کمبل، کوٹ، راشن اور دیگر امدادی اشیاء تقسیم کی جاتی ہیں تقسیمات کایہ سلسلہ ماہ نومبر سے مارچ تک جاری رہتا ہے ۔
کراچی میں ماہانہ راشن وامداد
کراچی کے مختلف علاقوں سے ادارے کی لسٹ میں شامل علماء، طلباء اور مستحقین میں ماہانہ راشن، گوشت، آٹا وغیرہ تقسیم کیا جاتا ہے،
پسماندہ علاقوں میں سیلاب، آتشزدگی اور دیگر حادثات کے متاثرین کی امداد
پسماندہ اور دور افتادہ علاقہ کے مختلف گاؤں اور بستیوں میں سیلاب، آتشزدگی اور قدرتی آفات و حادثات کے موقعوں پر ادارہ کی طرف سے متاثرین کو کارپٹ، خیمے ۔کولر، راشن، بسترے اور دیگر ضروری اشیاءدی جاتی ہیں۔

فی سبیل اللہ قربانی پروگرام برائے مستحقین
ہرسال عیدقربان کے موقع پر کراچی اور بلتستان میں 4 قربانگاہ قائم کرکے درجنوں قربانی کے جانور ذبح کئے جاتے ہیں اور گاؤں گاؤں بستی بستی جاکر مستحقین میں قربانی کا گوشت فی سبیل اللہ پہنچایا جاتا ہے جبکہ کراچی اور سکردوشہر میں مؤمنین کی ضرورت اور سہولت کیلئے اجتماعی قربانی کا بھی انتظام کیا جاتا ہے۔
فری میڈیکل کیمپ
یہ ادارہ اپنی مدد آپ پسماندہ علاقے میں وقتا فوقتاً فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد کرتا ہے فری چیک اپ، مفت مشورہ اور مفت دوائی کی سہولت سےہر دفعہ سینکڑوں مردوخواتین مستفید ہوتے ہیں، کورونا وائرس جیسی وبا ہو یا ایام عزا، عاشورا ہو، یا اسد عاشورا کا جلوس، چہلم امام حسین کا جلوس ہو یا کوئی اور اہم موقع ۔۔ دارالابلاغ والارشاد پاکستان کی ٹیم طبی سہولیات اور امداد کے ساتھ عزاداروں اور لوگوں کی خدمت کیلئے الرٹ رہتی ہے سکردو، کراچی، پنڈی، لاہور اور ایران میں بھی وقتا فوقتاً نادار اور لاچار لوگوں کے علاج معالجے کیلئے مدد کی جاتی ہے، وھیل چیئر، واکر، اسٹیک وغیرہ جیسی ضروریاتِ مفت فراہم کی جاتی ہیں۔

ماہ محرم نذر نیاز، سبیل، تبلیغ پروگرام

خودکفالت پروگرام
خود کفالت پروگرام کے تحت مرغی، بکری تقسیم کی جاتی ہے
چھوٹےچھوٹے کیبن کاروبار کیلئے تعاون کیا جاتا ہے اب تک اس اسکیم سے بےشمار لوگ مستفید ہوچکے ہیں ۔
دینی کتب اور لٹریچرز کی اشاعت
قرآن اور اھلبیت علیھم السلام کی تعلیمات کو عام اور آسان طریقے سے لوگوں تک پہنچانے کیلئے مختلف موضوعات پر دینی کتابیں، رسائل اور لٹریچر خصوصی طور پر زیورطبع سے آراستہ کیاجاتا ہے جنہیں اکثر مؤمنین پسند کرتےہیں نیز اس سلسلے میں وقت ضرورت دیگر علماء اور اداروں کے ساتھ بھی تعاون کیاجاتا ہے۔

کمپیوٹر ،لیب ٹاپ، پرنٹر کی فراہمی
سہولیات سے محروم، پسماندہ علاقے کے مختلف گاؤں اور بستیوں کے اسکولوں کیلئے کمپیوٹر سیٹ، لیپ ٹاپ اور پرنٹر کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے اب تک درجنوں اسکولوں کو یہ چیزیں دی جاچکی ہیں ۔

مساجد امام بارگاہوں کی ضروریات
یہ ادارہ مساجد و امام بارگاہ کی ضروریات کا بھی خیال رکھتا ہے اب تک درجنوں مساجد امام بارگاہوں کو نمازغفیلہ بورڈ، پینافلیکس، سپارہ سیٹ، قرآن مجید،دینی کتابیں لاؤڈ اسپیکر, کارپٹ، دری وغیرہ دی جاچکی ہیں ۔
امداد برائے سادات
کراچی میں ہر مہینے جبکہ بلتستان میں ماہ رمضان، موسم سرما اور عیدقربان کے موقع پر لسٹ میں شامل سادات عظام کو، راشن، موسم سرما میں گرم ملبوسات،رضائی، کمبل، گوشت، نقد امداد وغیرہ دینے کا سلسلہ بھی جاری ہے ۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں