گلگت نگران وزیر اعظم کا گلگت بلتستان میںامن و امان اور ترقیاتی منصوبوںکی پیشرفت پر اعلی اجلاس کی صدارت
گلگت نگران وزیر اعظم کا گلگت بلتستان میںامن و امان اور ترقیاتی منصوبوںکی پیشرفت پر اعلی اجلاس کی صدارت
urdu news, caretaker prime minister chair the meeting in Gilgit Baltistan
نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کا دورہ گلگت بلتستان، امن و امان کے قیام اور ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت کے حوالے سے اہم اجلاس کی صدارت، ریاستی رٹ چیلینج کرنیوالوں کے خلاف بلاتفریق قانونی کاروائی کی ہدایت
گلگت: نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ گلگت بلتستان کے دو روزہ دورے پر آج گلگت پہنچ گئے۔ نگران وزیر اعظم پاکستان کا گلگت ائیر پورٹ پر گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ، وزیر اعلی گلگت بلتستان حاجی گلبر خان، چیف سیکریٹری محی الدین احمد سمیت دیگر اعلی سول و عسکری آفیسران نے استقبال کیا۔
وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ گلگت آمد پر نگران وزیراعظم کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ گلگت میں یادگار شہدا پر حاضری دی، فاتحہ خوانی کی اور پھول چڑھائے۔
نگران وزیر اعظم نے بعد ازاں گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ اور وزیر اعلی گلگت بلتستان حاجی گلبر خان سمیت کابینہ ممبران، اراکین اسبملی ، سیاسی قیادت اور عمائدین سے ملاقات بھی کی۔
نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے گلگت بلتستان میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت اور امن و امان کی صورتحال کے حوالے سے ایک اہم جائزہ اجلاس کی صدارت بھی کی۔ وزیر اعلی گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کو گلگت بلتستان میں ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت اور امن و امان کی صورتحال کے حوالے سے بریفنگ دی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے متعلقہ حکام کو گلگت میں مذہب کے نام پر انتشار پھیلانے والے تمام عناصر کی بروقت نشاندہی اور ان کے خلاف سخت اقدامات لینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے تمام شہریوں کی حفاظت ریاست کی ذمہ داری ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ گلگت بلتستان جغرافیائی اور دفاعی لحاظ سے پاکستان کا اہم حصہ ہے اوراس پر امن اور خوبصورت خطے کو شرپسند عناصر کی منفی سرگرمیوں کی آماجگاہ نہیں بننے دیا جائیگا۔ ریاست ہر صورت میں اپنی رٹ قائم رکھے گی اور امن و ترقی کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے والوں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائیگا۔ صوبائی حکومت کو پائیدار امن و امان کے قیام اور خطے کی تعمیر و ترقی کیلئے وفاقی حکومت تمام مطلوبہ وسائل اور سہولیات فراہم کریگی۔
وزیر اعلی گلگت بلتستان نے صوبے کو درپیش مالی مشکلات کے پیش نظر ترقیاتی و غیر ترقیاتی بجٹ میں اضافہ، گندم سبسڈی اور سیاحت، توانائی اور معدنیات کے شعبوں میں ملکی اور غیر کی سرمایہ کاری کے فروغ کے ذریعے خطے کی معاشی حالت بہتر بنانے کیلئے وفاقی حکومت سے خصوصی تعاون کا مطالبہ کیا۔ نگران وزیر اعظم پاکستان انوار الحق کاکڑ نے اس موقع پر وزیر اعلی گلگت بلتستان کو یقین دہانی کروائی کہ وفاقی حکومت گلگت بلتستان کے مالیاتی خسارے کو پورا کرنے کیلئے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی اور گندم سبسڈی کی مد میں فنڈز کی کمی کو دور کرنے کیلئے سوا چار ارب روپے فراہم کر دئے جائیں گے۔ وزیر اعظم پاکستان نے مزید کہا کہ گلگت بلتستان میں معاشی ترقی کیلئے سیاحت کے شعبے کو فروغ دینا ناگزیر ہے اور سیاحوں کو عالمی معیار کی سہولیات کی فراہمی کے علاوہ آسان رسائی کیلئے سکردو انٹر نیشنل ائیر پورٹ کے علاوہ گلگت میں عالمی معیار کے ائر پورٹ کی تعمیر کیلئے جلد فزیبیلٹی رپورٹ تیار کی جائے۔
چیف سیکرٹری گلگت بلتستان محی الدین احمد وانی نے بھی نگران وزیراعظم کو مختلف امور پر بریفنگ دی۔ چیف سیکریٹری نے اپنی بریفنگ میں وزیراعظم کو آئی ٹی، صحت، تعلیم اور دیگر شعبوں میں پیشرفت کے حوالے سے آگاہ کیا ۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ گلگت بلتستان کے تمام اضلاع بالخصوص دیامر اور استور کے اضلاع میں تعلیم کے شعبے کے کئی مسائل کی بروقت نشاندہی اور موثر حل کئے جا چکے ہیں، تعلیمی شعبے میں لئے گئے اقدامات میں طلباء کو غذا کی فراہمی کے پروگرام، تعلیمی عمارتوں کی از سرنو تعمیر اور شکستہ حال عمارتوں کی بحالی، اساتذہ کی پیشہ وارانہ تربیت، جدید ٹیکنالوجی پر مبنی سمارٹ سکولوں کی تعمیر وغیرہ سر فہرست ہیں۔ اس کے علاوہ وزیراعظم کو بریفنگ میں گلگت بلتستان میں صحت کے شعبے میں لئے گئے مثبت اقدامات کے بارے میں بتایا گیا۔
چیف سیکریٹری گلگت بلتستان نے مزید کہا کہ گلگت بلتستان میں نفسیاتی امراض کے بڑھتے ہوئے رجحان کے سد باب کے لئے 24 گھنٹے فعال رہنے والی ہیلپ لائن قائم کی گئی ہے۔ بریفنگ میں وزیراعظم کو ماحولیاتی اور سیاحتی شعبوں میں لئے گئے مثبت اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ علاوہ ازیں وزیراعظم کو گلگت بلتستان میں گندم کی کاشت اور اس کی پیداوار پر سبسڈی کی فراہمی، گلگت بلتستان میں پن بجلی کی پیداوار کی حقیقی استعداد اور موجودہ پیداوار اور بجٹ کی صورت حال پر بھی بریف کیا گیا۔
اجلاس میں نگران وزیر داخلہ سرفراز بگٹی، نگران وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی، گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ، وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان گلبر خان، چیف سیکرٹری گلگت بلتستان، آئی جی گلگت بلتستان اور متعلقہ اعلیٰ افسران شامل تھے۔