بلتستان یونیورسٹی : دو روزہ خزاں گالا 2023ء اختتام پذیرہوگیا

بلتستان یونیورسٹی : دو روزہ خزاں گالا 2023ء اختتام پذیرہوگیا
رپورٹ عابد شگری 5 سی این نیوز
یونیورسٹی انتظامیہ کاخزاں فوڈ گالا کو سالانہ کلینڈر میں شامل کرنے کا اعلان، خزاں گالا کی ٹیم کو شاباش، شیلڈ اور نقد انعام
نازیہ بتول خزاں گالا کی کنوینئر تھیں، انواع و اقسام کے کھانوں کے اسٹال، ثقافتی اشیاء کی نمائش اور منفرد کھیلوں کا اہتمام
انتظام و انصرام کی ذمہ داری بی بی اے سیشن 2022ء کے طلبہ نے نبھائی، شائقین کی طرف سے زبردست پذیرائی
سکردو بلتستان یونیورسٹی شعبہ مینجمنٹ سائنسز اینڈ کامرس سیشن 2022ء کے طلباء و طالبات کی طرف سے منعقدہ دو روزہ ”خزاں گالا 2023ء“ اختتام پذیر ہوگیا۔ خزاں گالا کی سربراہی شعبہ ہذا کی لیکچرر مس نازیہ بتول کررہی تھیں جبکہ انتظام و انصرام کی ذمہ داری شعبہ ہذا کے طلباء وطا لبات نے سنبھال رکھی تھی۔خزاں گالا 2023ء کی افتتاحی تقریب سندوس کیمپس میں منعقد ہوئی جس میں ڈین نیچرل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر عبدالمتین ، ڈین سوشل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر اشفاق احمد شاہ ، ڈائریکٹر اکیڈمکس ڈاکٹر حاجی کریم، ناظمِ امتحانات ڈاکٹر اشتیاق حسین، فیکلٹی ممبران اور طلباء و طالبات کی کثیر تعداد شریک تھی۔ فوڈ گالا کے دوران بلتستان یونیورسٹی کے تمام کیمپسز کے طلباء و طالبات اور اساتذہ کرام نے دورہ کیا اور مینجمنٹ سائنسز کی طرف سے کئے گئے اقدامات کی بھرپور تعریف کی۔ فوڈ گالا 2023ء میں متعدد اسٹالز نصب تھے اور اُن اسٹالز کے ذریعے انواع و اقسام کے کھانوں کی تشہیر کی گئی۔ ثقافتی اشیاء کی بھرپور نمائش کی گئی اور لوگوں کی طرف سے دلچسپی کا اظہار ہوا۔ شائقین کے ذوق و شوق میں اضافہ کےلئے متعدد کھیلوں کا بھی بندوبست تھا۔ خاص طور پر تیر اندازی، انڈور گیمز، اور فائرنگ رینج ہدف جیسے کھیلوں میں بھرپور مقابلہ دیکھنے کو ملا۔ کہیں کہیں فاتح خوشی سے کھل اُٹھے اور کہیں مفتوحین کے چہرے بجھے بجھے سے نظر آئے۔ مذکورہ خزاں گالا کے انعقاد میں متعدد کاروباری اداروں سے بھرپور تعاون حاصل رہا۔ ان اداروں میں سرفہرست مہدی ٹینٹ سروس، یاسر کارپوریشن، کے ٹو ٹریک اینڈ ٹورز، ٹرویلز اگین، کاچو ورائٹی مال بے نظیر چوک، العباس رنگ محل، اسٹیٹ لائف انشورنس، ہیون ہوٹل سکردو، یزدان بیوریج اینڈ فورڈ، حسین کاروبار، الٰہی بیکرز، گلگت بلتستان ٹوریزم کلب، حبیب میٹرو، سنہری بیک، مسکان کلیکشن، سسپلو ایونٹ مینجمنٹ، ٹرپل اے ٹیکنالوجی، بلتستان کاروبار، سلیم سینٹری اینڈ ہارڈویئر اسٹور حسین آباد، بلتستان سائیکلنگ کلب،سکردو ٹِرپ، زین مال، سہولیات ڈاٹ کام وغیرہ شامل تھے۔ اختتامی تقریب کے مہمانِ خصوصی رجسٹرار وسیم اللہ جان ملکؔ تھے۔رجسٹرار کے سندوس کیمپس پہنچنے پر بھرپور استقبال کیا گیا اور بی بی اے سیشن 2022ء کے طلبہ کی طرف سے ثقافتی ٹوپی پہناکر خوش آمدید کہا گیا۔ وہ اپنی ٹیم کے ہمراہ فوڈ گالا کی تقریب میں شریک ہوئے۔ مختلف اسٹالز کا دورہ کیا اور ثقافتی اشیاء کی نمائشوں کو بہترین اقدام قرار دیا۔ رجسٹرار وسیم اللہ جان ملکؔ نے مختلف کھیلوں میں خاص طور پر نشانہ بازی میں حصہ بھی لیا۔ بعدازاں تقریب سے اپنے مختصرخطاب میں رجسٹرار نے اعلان کیا کہ خزاں گالا بلتستان کے نصابی کلینڈر کا حصہ ہوگا۔ اُنہوں نے بہترین انتظامات پر خزاں گالا کی ٹیم کی بھرپور تعریف کی اور دیگر شعبہ جات کےلئے نمونہ عمل قرار دیا۔ تقریب کے اختتام پر رجسٹرار بلتستان یونیورسٹی نے خزاں گالا میں شریک کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔ خاص طور پر خزاں گالا 2023ء کی ٹیم کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے اُنہیں شیلڈ سے نوازا اور مذکورہ ایونٹ کی کنوینئر مس نازیہ بتول کو نقد انعام بھی دیا۔ واضح رہے کہ شعبہ مینجمنٹ سائنسز اینڈ کامرس کی اِس قسم کی سرگرمیاں طلباء و طالبات میں بہت مقبول ہیں۔ شعبہ ہذا کے طلباء و طالبات کسی بھی ایونٹ کی کامیابی کےلئے جی جان سے محنت کرتے ہیں اور شائقین سے بھرپور داد بھی حاصل کرتے ہیں۔
Urdu news, Baltistan University: The two-day autumn gala 2023 has come to an end

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں