بَرف پوش پہاڑی سلسلوں میں گھرا ہوا، خوبصورت شہر سکَردو

بَرف پوش پہاڑی سلسلوں میں گھرا ہوا، خوبصورت شہر سکَردو

تحریر : آغا زمانی

سکَردو بَلتستان کا سب سے بڑا شہر ہے، جس کی آبادی تقریباً اڑھائی لاکھ کے قریب ہے۔ اور اس کی آبادی میں آئے دن اضافہ ہوتا جارہا ہے اس شہر کے ایک اہم ذمہ دار کے مطابق بجلی کے محکمے میں روزانہ کی بنیاد پر 450 سے 500 نئے بجلی کے کنکشنز کی درخواست موصول ہوتی ہیں اس سے انداذہ لگایا جاسکتا ہے کہ اس شہر کی آبادی کس تیزی سے بڑھ رہی ہے۔ اس بڑھتی آبادی کے پیشِ نظر سکَردو شہر پر خصوصی حکومتی توجہ کی ضرورت ہے۔

سکَردو شہر سلسلۂ قراقرم اور کوہِ ہمالیہ کے پہاڑوں اور گلیشئرز میں گھرا ہوا ایک خوبصورت شہر ہے۔ سکَردو ضلع بَلتستان کا مرکزی شہر بھی ہے۔
یہاں کے خوبصورت مقامات میں دیوسائی شنگریلا جھیل، سدپارہ جھیل، کچورا جھیل اور کت پناہ جھیل وغیرہ شامل ہیں۔ ہر سال لاکھوں ملکی و غیر ملکی سیاح سکردو کا رخ کرتے ہیں۔ اس علاقے کے لوگ زیادہ تر بَلتی زبان بولتے ہیں، شینا زبان بولنے والے لوگ بھی یہاں آباد ہیں۔ یہاں کے لوگ انتہائی ملنسار، خوش مزاج، پرامن اور مہمان نواز ہیں۔

سکَردو شہر بَلتستان کا تجارتی مرکز ہونے کے ساتھ ساتھ صحت، تعلیم اور سیاسی و سماجی سرگرمیوں کا مرکز بھی ہے، سکَردو کو 2009ء میں اس زمانے کی وفاقی حکومت نے بِگ سٹی کا درجہ دیا تھا، لیکن وہ اعلان اپنے خوابوں کی مکمل تعیبر اب تک نہ پاسکا۔ یہاں کے عوام علاج کے جدید طریقوں سے اب تک محروم ہیں، یہاں کے لوگوں کو ان کے علاج کے تمام انتظامات و سہولیات اسی شہر میں مہیا نہیں ہیں، انہیں علاج معالجے کے لیے اسلام آباد یا کراچی جیسے دور دراز شہروں کا رخ کرنا پڑتا ہے، اس شہر کے ہسپتالوں میں “ایم آر آئی” مشین موجود نہیں، البتہ عام علاج کے طریقے یہاں دستیاب ہیں۔ ملک کے دیگر شہروں کی طرح یہاں بھی پرائیویٹ ہسپتالوں اور اسکولز کی بھرمار ہے اس کی بنیادی وجہ سرکاری سطح پر ہسپتالوں اور اسکولز میں، تعلیم و تربیت، سہولیات اور معیار کی کمی ہے۔ جبکہ پرائیویٹ ادارے بہتر انداز میں کام کررہے ہیں، اگر حکومتی اداروں پر بھی توجہ دی جائے تو متوسط اور غریب طبقہ بھی ان سہولیات سے مستفید ہوسکتا ہے۔

سکَردو شہر میں رات کے وقت سڑک کنارے چہل قدمی یا پیدل سفر کرتے وقت اسٹریٹ لائٹس کی کمی بہت محسوس کی جاتی ہے۔ البتہ ہسپتال روڈ اور بعض مقامات پر سولر سسٹم سے چلنے والی کچھ اسٹریٹ لائٹس دیکھنے میں آتی ہیں۔ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ سیاحت کی بہتری اور یہاں بسنے اور یہاں آنے والے سیاحوں کی سہولت کے لئے سکَردو کے اہم مقامات اور سڑکوں پر سولر اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب کو یقینی بنائیں تاکہ سڑکوں پر رات کے وقت عوام الناس کو حادثات سے محفوظ رکھا جاسکے۔

سکَردو ملکی اور غیرملکی سیاحوں کے لئے بہت پہلے سے کشش کا باعث رہا ہے لیکن سابق وزیراعظم پاکستان عمران خان نے اپنی کئی تقاریر میں سکَردو کی اہمیت اور اس کی خوبصورتی کو پوری دنیا کے سامنے اجاگر کیا اس کے بعد یہاں سیاحوں کی آمد میں بہت حد تک اضافہ ہوا ہے۔ جگہ جگہ ریسٹورینٹس اور معیاری اور خوبصورت ہوٹلز تعمیر ہوچکے ہیں اور مزید سیاحتی عمارتوں کی تعمیر جاری ہے۔ اس علاقے میں سیّاح اس لئے بھی بے خوف و خطر آنے کی خواہش رکھتے ہیں کیونکہ یہاں کے لوگ انتہائی ایماندار اور باحیاء ہیں، یہاں اگر کسی کا پرس یا پیسہ کہیں رہ جائے تو یہاں کے لوگ اس امانت کو اس کے مالک تک پہچانے کے لئے سالوں تک حفاظت سے رکھتے ہیں۔

یہاں کے لوگ خواتین کا بے حد احترام کرتے ہیں۔ الحمدللہ یہاں کبھی کسی سیّاح یا مہمان خاتون کے ساتھ کوئی ناخوشگوار واقعہ رونما نہیں ہوا اس کی وجہ یہ ہے کہ یہاں کے مرد خواتین کی عزت کرنا جانتے ہیں، یہاں کی خواتین حجاب کی پابند ہیں، یہاں کے لوگ نماز روزے کے پابند ہیں، ہمارا دین اور ہمارا رسول(ص) ہمیں پیغام دیتا ہے کہ سب سے اچھا انسان وہ ہے جس کی زبان اور ہاتھ سے دوسرے انسان محفوظ رہیں۔ یہاں کے لوگ آنے والے مہمانوں کی خوب پزیرائی کرتے ہیں اب یہاں آنے والے سیّاحوں اور مہمانوں کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ یہاں کے دینی اور مذہبی ماحول کا احترام کریں، یہاں کے لوگوں کے باغات اور کھیتوں میں بغیر اجازت داخل نہ ہوں، ان کی املاک کو نقصان نہ پہنچائیں، انکے پَھلدار درختوں سے بنا اجازت پھل نہ توڑیں۔ خاص کر یہاں آنے والی خواتین جو حجاب نہیں کرتیں یا انہیں سر پر دوپٹہ رکھنے کی عادت نہیں انہیں خیال کرنا چاہیئے کہ یہاں کے مردوں کو بےحجاب خواتین کو دیکھنے کی عادت نہیں یہاں کی اکثر خواتین بغیر دوپٹے یا بغیر چادر کے گھر سے نہیں نکلتیں لھذا آنے والی سیّاح اور مہمان خواتین بھی یہاں کی خواتین اور یہاں کی بود و باش کا احترام کریں تاکہ آپ کا احترام بھی باقی رہے۔

سکَردو گلگت بَلتستان کا ایک اہم شہر اور ضلع ہے۔
سکَردو ہی بَلتستان سے گلگت اور ملک کے دیگر شہروں کی جانب آمد و رفت کا ذریعہ بھی ہے، جہاں بَلتستان کا واحد کمرشل و انٹرنیشنل ائیرپورٹ اور بسوں کا اڈا بھی موجود ہے، پینے کے صاف پانی کی قلت اور بجلی کی کمی اور خاص کر موسمِ سرما میں جلانے کی لکڑی اور گیس سلنڈرز کی مہنگی قیمتیں یہاں کے باسیوں کو ہر دوسرے دن پریشان کرتی رہتی ہے، جس کے حل کے لیے اربابِ اختیار کو جلد سنجیدہ کوشش کرنا ہوگی۔ سکَردو شہر سے ہو کر ہی دنیا کی خوبصورت ترین آبشاروں مَنٹُھوکھا آبشار اور خَموش آبشار، دنیا کے بلند قدرتی پارک دیوسائی، دنیا کی دوسری بلند ترین چوٹی کے ٹو، دنیا کے دوسرے بلند ترین مقام پر واقع کولڈ ڈذرٹ سرفہ رنگا اور دنیا کے بلند ترین محاذ سیاچَن گلیشر تک جایا جا سکتا ہے۔

سکَردو اور گلگت بَلتستان کا یہ پورا خطہ اللہ تعالیٰ کی قدرت کا خوبصورت ترین شاہکار ہے، یہاں پہنچ کر انسان خود کو تمام ذہنی پریشانیوں سے آزاد محسوس کرتا ہے، صاف ہوا شفاف ماحول، ٹھنڈے پانی کے آبشار، حسین جَھرنے، دلکش نظارے، دیوقامت بلند و بالا برف پوش پہاڑی سلسلے ہمارے قلب و روح کو تروتازہ کردیتے ہیں۔ اگر آپ بھی اپنے ذہن اور روح کو تازگی بخشنا چاہتے ہیں تو ایک مرتبہ سکَردو کی سیر ضرور کریں۔

100% LikesVS
0% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں