رنٹھق ( پن چکی ) علی نقی شگری
رنٹھق پن چکی
تحریر علی نقی شگری
اس لفظ کی بلتی میں کوئی معنی نہیں بنتا یہ لفظ شاید ”رن تھق” کی بگڑی شکل ہوگی کیونکہ رن معاوضہ یا قیمت کو کہتے ہیں تھق پیسنے کو یعنی معاوضہ لے کر پیسنا۔چونکہ رنٹھق میں آٹا پسائی کی وصولی ہوتی ہے جو عام طور پر کھل پر بلیانگ ہوتے تھے۔”کھل“ تقریباً پچیس کلو ”بلیانگ“ پانچ پاو کے برابر ۔ساتھ ہی پسائی کی باری کے اصول بھی تھے مثلاً جو پہلے تھیلا لاتا اس کی باری پہلے ہوتی اکثر لوگ باری کے لیے ایک چھوٹے تھیلے میں گندم ڈال کر رنٹھق میں رکھ دیتے تھے اسطرح جب ان کے باقی گندم صاف کرکے تیار ہوتا تو بروقت پسائی کی باری ملتی۔
اب ہم اس کے حصوں کی جانب جاتے ہیں
رنٹھق کے عمارت کے دو منزل ہوتےہیں
نچلی منزل کو اوقکھنگ اور بالائی منزل کے دو حصے ہوتے ہیں ایک کو جس میں پسائی ہوتی ہے غلدول بلیس اور جہاں بیٹھتے ہیں دوگ کھانگ کہتے ہیں درمیان میں لکڑی کے تختوں کی چھوٹی دیوار ہوتی ہے جسے بلانکل کہا جاتا ہے رنٹھق کے کچھ حصے عمارت کے باہر ہوتے ہیں اب ہم رنٹھق کے چھوٹے حصے بیان کریں گے
1. چھوزگو
جو ایک چھوٹا دروازہ ہوتا ہے بڑے کوہل میں لگا ہوتا ہے جسے بند کرنے سے پانی رنٹھق کے کوہل میں جاتا ہے جب رنٹھق کو بند کرنا ہو تو اس دروازے کو کھول کر پانی عام کوہل میں چھوڑ دیتا
2. وا
وا لکڑی کے تختوں سے بنا نالی ہوتا ہے جو اوپر کی طرفسے کھلا ہوتا ہے جس کے ذریعے پانی اونچائی سے نیچے گرایا جاتا ہے
3. ورود (warud)
وا کو رکھنے کے لیے زمین کو پتھر کی دیوار سے اونچا بنایا ہوتا ہے جس پر وا کا اوپری سرا رکھا ہوتا ہے اس حصے کو ورود کہتے ہیں جس رنٹھق کا ورود جتنا اونچا ہوتا ہے وہ رنٹھق زیادہ تیز ہوتا ہے۔
4. اوقکھانگ
اوقکھانگ رنٹھق کے نچلی منزل کو کہتے ہیں
5. رم شینگ
اوقکھانگ کے فرش پر ایک چارکونہ بلی (لمبی لکڑی)
6. پھنگوژے
ایک پتھر جس کے بیچ میں آدھی سوراخ بنا ہوتا ہے اور وہ رم شینگ پر فٹ کیا ہوتا ہے
7. پھنگ
پھنگ تقریباً ڈیڑھ باٸی ڈیڑھ انچ موٹا اور تین چار انچ لمبا پتھر کا ٹکڑا ہوتا ہے جس کا ایک سرا پھنگ میں دوسرا سکوربو میں فٹ ہوتا ہے
8. سکوربو
لکڑی کا پنکھا (ٹرباٸن)
9. شوقپہ
پنکھے کے پر
10. گرگوشینگ
تقریباً ڈیڑھ فٹ لمبا لکڑی جس ایک سرا گول دوسرا پتلا موٹاٸی تین انچ، گول سرے کی جانب لمبا سوراخ جس میں ہلچخ فٹ ہوتا ہے دوسرا پتلا والا سرا سکوربو میں فٹ ہوتا ہے جس کے ایڈجسٹمنٹ کے لیے ایک لکڑی کا پتلا لیور ہوتا ہے جسے سمانگ کہتے ہیں
11. ہلچخ
لوہے کا تقریباً ڈیڑھ فٹ کا سلاخ جس کا ایک سرا گرگوشنگ میں فٹ ہوتا ہے دوسرا سرا جو سانپ کے سر جیسا ہوتا ہے غبلگو کہتے ہیں پر رزمبہ لگا ہوتا ہے
12. مہاردو
گول شکل میں چار پانچ انچ موٹا پتھر جو تقریباًایک فٹ رداس کا ہوتا ہے جس کی ایک اوقکھانگ کی چھت پر ہوتا ہے اور دوسری تہہ ہموار مگر کناروں سے باریک اور درمیان سے موٹے خاردار ہوتا ہے
13. مہاردو کے اوپر اسی طرح کا پتھر ہوتا ہے جسے بردو کہتے ہیں بردو کے ہموار سطح ہماردو پر ہوتا ہے ان دونوں کے درمیان گندم کی پساٸی ہوتی ہے
14. کچو
کچو ایک گول سا برتن نما ہوتا ہے جس کے اندر سے ایک نلکا نما راستہ بنا ہوتا ہے اس سے گندم بردو کے بیج میں موجود سوراخ میں گرتا رہتا ہے
15. ٹقٹق شنگ
گندم گرنے کے اس کو جاری رکھنے کے لیے ایک لکڑی یا پتھر کا ٹکڑا باندھا ہوتا ہے جو بردو کے اوپر لگتا رہتا ہے۔
16. چڑوس/ غوڑوم
ایک چرونگ نما بڑا ٹوکرا ہوتا تھا جس میں پیسنے والا غلہ ڈالا جاتا ہے
17. کھٹ
کھٹ چڑوس کو لٹکانے کے لیے اس کے چاروں کونے پر ایک ایک باندھا ہوتا ہے جسے انگریزی میں ہک کہتے ہیں۔
18۔ چھوبیونکھہ
اوقکھانگ سے پانی نکلنے کی جگہ کو کہتے ہیں۔
19۔ شوقکھٹ
کبھی کبھی پانی کے زور سے سکوربو کے پر جسے شوقپہ کہتے ہیں گر جاتے تو اسے روکنے کے لیے کوہل میں لکڑی کے جال نما بند لگا ہوتا ہے اسے شوق کھٹ کہتے ہیں